13 فروری ، 2020
سیہون میں آوارہ کتوں کے حملے میں ایک 10 سالہ بچی شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔
یہ واقعہ سیہون کے گاؤں احمد خان لاشاری میں پیش آیا جہاں 10 سالہ راحماں لاشاری گھر سے باہرنکلی تو خون خوار کتوں نے اس پر حملہ کرکے بری طرح زخمی کردیا۔
بچی کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیاگیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کرگئی۔
اپنی معصوم بچی کی لاش دیکھ کر ماں کو غشی کےدورے پڑنے لگے اور اس کی حالت غیر ہوگئی۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ آوارہ خونخوار کتوں سے علاقے میں خوف وہراس پھیلا ہوا ہے ۔
خیال رہے کہ گذشتہ کچھ عرصے کے دوران کتوں کے کاٹنے سے سندھ میں کئی ہلاکتیں ہوچکی ہیں ،سیہون کےگاؤں حمزو رند میں بھی گذشتہ ماہ ایک خاتون کتے کے حملے میں جاں بحق ہوگئی تھی۔
گذشتہ سال دسمبر میں لاڑکانہ میں کتوں کے کاٹنے سے ایک 6 سالہ بچہ شدید زخمی ہوگیا تھا جو کہ بعد ازاں کراچی میں دوران علاج انتقال کر گیا تھا۔
2019 میں کراچی سمیت سندھ بھر میں سگ گزیدگی کے سیکڑوں واقعات رونما ہوئے تھے جس کے باعث 20 سے زائد افراد ہلاک ہوئے جن میں بچے بھی شامل تھے۔