پاکستان
Time 18 اکتوبر ، 2019

کتے کے کاٹنے سے ایک اور خاتون جاں بحق، رواں برس تعداد 19 ہوگئی

سگ گزیدگی کے بڑھتے  واقعات پر سندھ حکومت کی جانب سے گذشتہ ماہ کتا پکڑو مہم بھی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا،فوٹو: فائل

کراچی میں کتے کے کاٹنے سے 55 سالہ خاتون انتقال کرگئیں،  رواں سال سندھ بھر میں سگ گزیدگی (کتے کے کاٹنے) سے ہلاکتوں کی تعداد 19 ہوگئی ہے۔

جناح اسپتال کی سینئر ایگزیکٹو ڈائریکٹر سیمی جمالی کے مطابق ضلع بینظیر آباد (نوابشاہ) کی رہائشی 55 سالہ حور بی بی کو 16 اکتوبر کو جناح اسپتال لایا گیا، اہل خانہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے خاتون کو اینٹی ریبیز کا انجیکشن لگوایا ہے مگر اس کا کوئی ثبوت نہیں تھا۔

سیمی جمالی کا کہنا تھا کہ خاتون کو پاگل کتے نے گردن کے حصے پر کاٹا تھا، ڈاکٹرز نے انہیں مکمل علاج کی سہولیات فراہم کی مگر وہ جانبر نہ ہوسکیں اور دم توڑ گئیں۔

جناح اسپتال کی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) کے مطابق رواں سال کتے کے کاٹنے سے متاثرہ 9 افراد کو جناح اسپتال لایا گیا جب کہ سندھ بھر میں کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں 19افراد جان گنواچکے ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں کتے کے کاٹنے کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔

گزشتہ دنوں  کراچی کے علاقے ایف سی ایریا میں کتے کے کاٹنے سے 25 افراد زخمی ہوگئے تھے جنہیں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ کتے کے کاٹنے سے زخمی ہونے والے تمام افراد باہر سے دوا خرید کر لائے ہیں، شہری یا سندھ حکومت نے ادویات فراہم نہیں کیں۔

طبی ماہرین کے مطابق کتے کے کاٹنے کی صورت میں جان اسی وقت بچ سکتی ہے جب جتنی جلد ممکن ہو اینٹی ریبیز ویکسین لگوالی جائے۔

صوبے میں سگ گزیدگی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر سندھ حکومت کی جانب سے گذشتہ ماہ کتا پکڑو مہم بھی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :