کھیل
Time 13 فروری ، 2020

پاکستان جیسی میزبانی کہیں اور ملنا مشکل ہے، سنگاکارا

‏کمار سنگارا نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ ہو رہی ہے، اعتماد بحال ہو رہا ہے، جتنی زیادہ کرکٹ ہو گی اتنا دوسری ٹیموں کا اعتماد بحال ہوگا— فوٹو: پی سی بی

‏پاکستان کے 7 روزہ دورے پر آنے والی میری لیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کے کپتان کمارسنگاکارا کا کہنا ہے کہ انہیں ہمیشہ لاہور آنا اچھا لگا ہے، یہاں ان کی خوشگوار یادیں ہیں، یہاں کے لوگوں کی میزبانی کہیں اور ملنا مشکل ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یہاں کی فوڈ بھی بہت اچھی ہے اور وہ لاہور آکر بہت خوش ہیں، ایم سی سی کا دورہ کرکٹ کی اسپرٹ کیلئے ہے، یہاں آکر کسی کو براہ راست پیغام دینے کی ضرورت نہیں یہاں کھیل کر اور یہاں کا دورہ کر کے ہی سب کو پیغام جائے گا کہ پاکستان میں کرکٹ ہونی چاہیے۔

سری لنکا کے کامیاب بیٹسمین اور سابق کپتان کمار سنگاکارا ایم سی سی کے صدر بھی ہیں۔ کمار سنگاکارا کی قیادت میں ایم سی سی کی ٹیم 48 برسوں کے بعد پاکستان آئی ہے۔

دورے میں ایم سی سی کی ٹیم تین ٹی ٹوئنٹی اور ایک ون ڈے میچ کھیلے گی۔ کل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ایم سی سی اور لاہور قلندرز کی ٹیموں کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔

اس کے بعد 16، 17 اور 19 فروری کو 3 میچز ایچی سن کالج میں کھیلے جائیں گے۔ ایم سی سی کی ٹیم پاکستان شاہینز، ملتان سلطانز اور ناردرن کے ساتھ میچز کھیلے گی۔

‏ ایم سی کی ٹیم جمعرات کی صبح لاہور پہنچی اور ہوٹل میں چند گھنٹے قیام کرنے کے بعد قذافی اسٹیدیم لاہور میں ٹریننگ کی۔

‏سابق سری لنکن کپتان کمار سنگاکارا نے کہا کہ انہیں احساس ہے کہ اپنے ملک میں کرکٹ کی کتنی اہمیت ہوتی ہے۔ 1996 میں سری لنکا ایسے دور سے گزر چکا ہے جب وہاں کرکٹ نہیں ہوتی تھی۔ اپنے ملک میں کرکٹ کا ہونا بہت ضروری ہے، نہ صرف کرکٹرز کے لیے نہیں بلکہ فینز کے لیے بھی

انہوں نے کہا کہ اپنے ملک میں کرکٹ ہو تو اس سے کھیل کو فروغ ملتا ہے، بحثیت ایم سی سی ہم یہی چاہتے ہیں کہ کرکٹ پلئینگ ممالک میں کرکٹ ہوتی رہنی چاہیئے، ایم سی سی کا دورہ بھی اسی اسپرٹ کے ساتھ ہے۔

‏کمار سنگارا نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ ہو رہی ہے، اعتماد بحال ہو رہا ہے، جتنی زیادہ کرکٹ ہو گی اتنا دوسری ٹیموں کا اعتماد بحال ہوگا، پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ کی بحالی کے لیے بہت کچھ کیا ہے، دوسری ٹیموں کا اعتماد حاصل کرنے کے لیے بہت اقدامات کیے ہیں، چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے اس سلسلے میں بہت کچھ کیا،انہوں نے ہی اس دورے کے حوالے سے پریزینٹیشن دی اور اعتماد بحال کرنے کی کوشش کی۔

‏ کمار سنگاکارا نے کہا کہ پاکستان میں وہ کئی مرتبہ آچکے ہیں، ایشین ٹیسٹ چیمپئین شپ کے سلسلے میں 2002 میں انہیں وقار یونس، شعیب اختر، محمد سمیع، عبد الرزاق، محمد یوسف اور انضمام الحق جیسے کھلاڑیوں کے خلاف کھیلنے کا موقع ملا۔

کمار سنگاکارا پریس کانفرنس سے قبل پی سی بی فار اینڈ کی راہداری میں لگے آنرز بورڈز کی طرف چلے گئے جہاں انہوں نے قذافی اسٹٹیدیم میں بنائی جانے والی سنچری ا اور ڈبل سنچری کی وجہ سے آنرز بورڈ پر اپنا نام دیکھا اور آنرز بورڈ کو شاندار قرار دیا۔


مزید خبریں :