13 فروری ، 2020
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کا میلہ سجنے میں اب ایک ہفتے کا وقت رہ گیا ہے۔
پشاور زلمی کے ڈیرن سیمی اور ملتان سلطانز کے روی بوپارا پاکستان پہنچ چکے ہیں، اگلے دو روز میں مزید کرکٹرز پاکستان پہنچ جائیں گے۔
اسلام آباد یونائٹیڈ کے ڈیل اسٹین کا شیڈول آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں ان کی شمولیت سے مشروط ہوگیا ہے۔
20 فروری سے شروع والے پی ایس ایل فائیو کے تمام میچز اس بار پاکستان میں ہوں گے۔ مقابلوں میں شرکت کیلئے پشاور زلمی میں شامل ویسٹ انڈیز کے ڈیرن سیمی پاکستان پہنچنے والے پہلے کھلاڑی تھے، وہ بدھ کو کراچی پہنچے تھے جبکہ جمعرات کی صبح ملتان سلطانز کے روی بوپارا بھی پاکستان پہنچ گئے۔
ملتان سلطانز کے کوچ اینڈی فلاور بھی پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیوک رونکی، فل سالٹ، کولن انگرم 15 فروری کو کراچی پہنچ جائیں گے تاہم ڈیل اسٹین کی آمد کا شیڈول ان کی آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں شمولیت سے مشروط ہے، یونائیٹڈ کی انتظامیہ اس حوالے سے کرکٹ ساؤتھ افریقا کے فیصلے کی منتظر ہے۔
پی ایس ایل کا افتتاحی میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا، میچ کی تیاریوں کیلئے اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 16 فروری سے کراچی میں ڈیرے ڈال لے گی۔
ملتان سلطانز کے عمران طاہر کل پاکستان پہنچیں گے، رائلی روسوو ہفتے کی شب پاکستان آئیں گے۔ انگلینڈ کے معین علی 18 فروری کو پاکستان پہنچیں گے، معین علی پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کررہے ہیں۔
ڈیوڈ ملان بھی 18 فروری کو پاکستان پہنچیں گے۔ کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی بھی ہفتے کی شب سے کراچی پہنچنا شروع ہوجائیں گے۔
پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں مجموعی طور پر 36 غیر ملکی کرکٹرز شریک ہیں۔