دنیا
Time 13 فروری ، 2020

چین میں ’شکریہ پاکستان‘ ٹاپ ٹرینڈ کیوں بن گیا؟

چین میں ٹوئٹر کی طرح کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’سینا ویبو‘ پر ہیش ٹیگ روس اور ہیش ٹیگ پاکستان راتوں رات مقبول ہوگیا— فوٹو : فائل

چین کی سوشل میڈیا ویب سائٹ ’سینا ویبو‘ پر چینی عوام نے کورونا وائرس میں گھرے اس مشکل وقت میں ساتھ کھڑے رہنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا جو کہ ’ٹاپ ٹرینڈ‘ بن گیا۔

چین میں ٹوئٹر کی طرح کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’سینا ویبو‘ پر ہیش ٹیگ روس اور ہیش ٹیگ پاکستان راتوں رات مقبول ہوگیا۔

اس کی وجہ پاکستان کا چین کے ساتھ اس مشکل وقت میں بھی ایک مضبوط دوست کی طرح کھڑا رہنا ہے جب پُراسرار کورونا وائرس چین میں بُری طرح پھیلا ہوا ہے، اِس پر چین کی عوام نے پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

اس موضوع پر اب تک 61 ہزار بار گفتگو ہو چکی ہے جبکہ 25 کروڑ بار اسے پڑھا جا چکا ہے۔

چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق چین کی عوام بہت شکر گزار اور خوش ہے کہ پاکستانی بھائیوں نے کورونا وائرس کے خلاف جدوجہد پر چین کی حوصلہ افزائی کی اور وائرس سے لڑنے کے لیے ہر طرح کی مدد فراہم کی۔

اس کے علاوہ بہت سے لوگوں نے لکھا ’جو دوست مشکل میں کم آئے وہی اصل دوست ہے‘ اس پوسٹ کو 21 ہزار 855 بار شیئر کیا گیا اور 14 ہزار 409 اس پوسٹ پر کمنٹ کیے گئے۔

بہت سے صارفین نے اس ٹرینڈ کو اپناتے ہوئے الگ الگ تصویریں بنا کر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

فوٹو: سینا ویبو، اسکرین شاٹ

12 فروری کی شام ’سینا ویبو‘ کے ایک صارف نے ایک تصویر بنائی جس میں پاکستان کو ایک بکری سے تشبیہہ دی گئی جو اپنی کھال اتار کر دے رہی ہے اور کہہ رہی ہے کہ ’یہ سب تمارے لیے ہے بھائی‘۔

یہ کارٹون بھی ویبو پر وائرل ہوگیا اور اسے 6 ہزار سے زائد دفعہ ری پوسٹ کیا گیا۔

فوٹو: سینا ویبو، اسکرین شاٹ

جو سب سے زیادہ کمنٹ اس پوسٹ پر ہوئے وہ یہ تھے کہ ’یہ بکری کتنی پیاری ہے اور پاکستان چین کے لیے جو کر ہا ہے اس سے ہر کسی کی آنکھوں میں آنسو آگئے ہیں‘۔

اس کے علاوہ ایک اور ’مومو‘ نامی اکاؤنٹ نے ایک تصویر بنا کر لکھا ’شکریہ پاکستان اور روس۔‘

اس تصویر میں چین، پاکستان اور روس کو کارٹون کردار میں بنایا گیا جس میں روتا ہوا پانڈا، مطمئن بھالو اور ہمدرد بکری موجود تھی۔

بہت سے لوگوں نے اس پر کمنٹ کیا کہ ’یہ بہت جذباتی ہے‘، ’اس وبائی مرض کے ختم ہونے کے بعد ہم پاکستان آئیں گے‘ اس کے علاوہ بہت سے لوگوں نے پاکستان کے تعاون کو سراہا۔

خیال رہے کہ چین میں کورونا وائرس کی وجہ سے اب تک 1300 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 5 ہزار سے زائد افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

چین کے سب سے زیادہ متاثر شہر ووہان میں تقریباً 400 کے قریب پاکستانی موجود ہیں جنہیں حکومت پاکستان نے وہیں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے پاکستانی سفارتخانے اور چینی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہے۔

پاکستان نے اس وائرس سےنمٹنے کے لیے چین کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔


مزید خبریں :