30 جنوری ، 2020
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا ہے چین نے کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر پاکستانیوں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا میڈیا کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے بتانا تھا کہ حکومت پاکستان کورونا وائرس کے مسئلے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور چینی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ چینی حکام سے پاکستانیوں کو سہولیات فراہم کرنے کا کہا ہے اور چینی حکام نے بھی پاکستانیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، پاکستانیوں کا خیال رکھنے پر چین کے شکر گزار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے پاکستان میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے ٹیکنیکل کمیٹی قائم کی ہے اور این آئی ایچ میں ایمرجنسی سیل بھی قائم کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چینی حکام نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے بر وقت اقدامات کیے ہیں، ہم چینی بھائیوں کی ہر طرح کی مدد کرنے کو تیار ہیں۔
چین میں پھنسے پاکستانی طالبعلموں کو وہاں سے نکالنے سے متعلق حکومتی اقدامات پر ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ چین میں پاکستانی طلبہ کو کہا ہے جلد از جلد خود کو سفارت خانے میں رجسٹرڈ کرائیں۔
عائشہ فاروقی کا کہنا تھا ابھی تک کی اطلاعات کے مطابق چین سے کسی دوسرے ملک نے اپنے شہریوں کو نہیں نکالا، مختلف ممالک چین سے بات چیت کر رہے ہیں۔
مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن کو آج 179 دن ہو گئے ہیں۔
عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی 80 لاکھ آبادی باقی دنیا سے کٹی ہوئی ہے، مقبوضہ کشمیر میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند ہے، بین الاقوامی برادری مقبوضہ کشمیر سے بھارتی لاک ڈاؤن فوری طور پر ختم کرائے۔
افغانستان میں پاکستانی سفارت خانے کے باہر احتجاج سے متعلق سوال پر عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کابل میں پاکستانی سفارت خانے کے باہر احتجاج کو نوٹ کیا ہے لیکن پاکستانی سفارت خانہ اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔