کھیل
Time 13 فروری ، 2020

کبڈی ورلڈ کپ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو بھی پچھاڑ دیا

کبڈی ورلڈ کپ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو بھی پچھاڑ دیا، بھارت نے ایران اور جرمنی نے سیرا لیون کے خلاف کامیابی حاصل کر لی۔

کل گجرات میں پاکستان کا مقابلہ آذربائیجان سے ہوگا جبکہ بھارت اور انگلینڈ کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔

فیصل آباد میں کھیلے گئے اپنے دوسرے میچ میں ٹیم پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف بھی بھرپور مہارت دکھائی۔ قومی پہلوانوں نے خوب داؤ پیچ کھیلے اور آسٹریلیا کو 25 کے مقابلے میں 62 پوائنٹس سے ہرا دیا۔

دن کے پہلے میچ میں بھارت اور ایران کے درمیان سخت مقابلہ ہوا جس میں بھارتی ٹیم نے 39 -50 کے اسکور سے کامیابی حاصل کی۔

ایک اور میچ میں جرمنی نے سیرا لیون کو با آسانی 14 کے مقابلے میں 43 پوائنٹس سے شکست دے دی۔

کل کبڈی ورلڈ کپ کا میلا گجرات میں لگے گا جہاں پہلے میچ میں پاکستان اور آذربائیجان کی ٹیمیں دوپہر ڈھائی بجے مد مقابل ہوں گی اور دوسرے میچ میں بھارت کا مقابلہ انگلینڈ سے پونے چار بجے شروع ہوگا۔

ایونٹ کے تمام میچز پاکستان کا پہلا اسپورٹس چینل جیو سوپر براہ راست نشر کر رہا ہے۔

مزید خبریں :