Time 12 فروری ، 2020
کھیل

کبڈی ورلڈ کپ میں چوتھے روز بھی دلچسپ مقابلے

لاہور کے بعد فیصل آباد میں بھی کبڈی ورلڈکپ کے مقابلوں نے خوب رنگ جمائے، ایونٹ کے چوتھے روز کینیڈا، ایران اور انگلینڈ نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔

کبڈی ورلڈکپ میں پہلے 3 روز  لاہور نے پہلوانوں کی میزبانی کی جس کے بعد شیڈول کے مطابق ایونٹ کے چوتھے روز کے مقابلوں کا انعقاد فیصل آباد میں ہوا۔

فیصل آباد میں چوتھے دن کے پہلے میچ میں کینیڈا کا مقابلہ آذربائیجان سے ہوا جس میں انتہائی دلچسپ مقابلے سے شائقین خوب محظوظ ہوئے۔

میچ میں کینیڈا نے 31 کے مقابلے میں 40 پوائنٹس سے کامیابی حاصل کی۔

دوسرے میچ میں ایران اور جرمنی کی ٹیمیں مد مقابل آئیں لیکن ایران نے باآسانی 23 کے مقابلے میں 55 پوائنٹس سے فتح حاصل کی۔

دن کے آخری میچ میں انگلینڈ کا مقابلہ سیرالیون سے ہواجس میں انگلینڈ 26 کے مقابلے میں 41 پوائنٹس سے فاتح رہا۔

ایونٹ کے پانچویں روز میزبان پاکستانی ٹیم بھی ایکشن میں ہوگی اور  اس کا مقابلہ آسٹریلیا سے شام 4 بجے شروع ہوگا۔

 اس سے قبل بھارت اور ایران کی ٹیمیں دوپہر ڈیڑھ بجے اور سیرالیون اور جرمنی کی ٹیمیں پونے 3 بجے مد مقابل ہوں گی۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کبڈی کا عالمی ورلڈکپ 16 فروری تک جاری رہے گا اور میگا ایونٹ میں بھارت سمیت 9 ممالک کی ٹیمیں شریک ہیں۔

مزید خبریں :