پاکستان
Time 14 فروری ، 2020

حمزہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع، آئندہ شناختی کارڈ لانے کی ہدایت

فائل فوٹو

لاہور: احتساب عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 28 فروری تک توسیع کردی۔

لاہور کی احتساب عدالت میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز  کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں نیب حکام نے لیگی رہنما کو عدالت کے روبرو پیش کیا۔

سماعت کے آغاز پر عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ اس کیس کے ریفرنس کی کیا صورتحال ہے، اس پر پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ریفرنس تیاری کے آخری مراحل میں ہے۔

اسی دوران حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز کیس کی بھی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے حمزہ شہباز کی گواہوں کی دستاویزات لینے کی درخواست مسترد کردی۔

دورانِ سماعت فاضل جج نے حمزہ شہبازسے استفسار کیا کہ آپ کے پاس ابھی اپنا قومی شناختی کارڈ ہے؟ اس  پر انہوں نے بتایا کہ اس وقت شناختی کارڈ نہیں ہے۔

عدالت نے  حمزہ شہباز کی آئندہ شناختی کارڈ پر نام دیکھ کر حاضری مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

بعد ازاں عدالت نے منی لانڈرنگ کیس اور رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ 28 فروری تک توسیع کردی۔

مزید خبریں :