خیبر پختونخوا میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز

خیبر پختونخوا میں پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا، 5 روز تک جاری رہنے والی پولیو مہم کے دوران 67 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

وزیرصحت خیبرپختونخوا تیمور سلیم جھگڑا نے انکاری والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ بھی اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں تاکہ ان کے بچے معذوری سے بچ سکیں۔

پشاور میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے بچے کو قطرے پلا کر کیا۔

پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران صوبے میں 67 لاکھ 52 ہزار 326 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

میڈیا سے بات چیت میں وزیر صحت خیبرپختونخوا تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا تھا کہ حکومت پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کےلیے پرعزم ہے۔

پولیو مہم کے لیے 2 ہزار سے زیادہ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں رواں سال اب تک پولیو کے 6 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

لاہور میں بھی مہم کا افتتاح

محکمہ صحت پنجاب نے لاہور میں بھی انسداد پولیو مہم کا افتتاح کردیا البتہ پانچ روزہ پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز 17 فروری سے ہوگا۔

لاہور میں پولیومہم 17 سے 21 فروری تک جاری رہے گی، 18 لاکھ 66 ہزار بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔

اس مقصد کیلئے 5 ہزار 470 ٹیمیں گھر گھر جائیں گی۔ پولیو مہم کا افتتاح گورنمنٹ میاںمیراسپتال میں کیا گیا۔ محکمہ صحت کے حکام کا کہنا تھا کہ حساس علاقوں میں خصوصی سیکیورٹی کے ساتھ قطرے پلائیں گے، والدین تعاون کریں۔

پولیو سے بچاؤ کے قطرےپلانے میں مائیں بھی پیش پیش رہیں اور لوگوں کو پیغام دیا کہ بچوں کو قطرے پلاکر انہیں عمر بھر کی معذوری سے بچائیں ۔

بچوں کے والدین نے عزم ظاہر کیا کہ وہ پولیو مہم میں بھرپورشرکت کریں گے اور ملک کو پولیو فری بنا کر دم لیں گے۔

مزید خبریں :