اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پاکستان میں کرتارپور کا بھی دورہ کریں گے

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پیر کی شب لاہورپہنچیں گے، ایک تقریب میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے بھی پلائیں گے اور کرتارپور کا بھی دورہ کریں گے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس 16 فروری کو پاکستان آئیں گے، وہ وزیر اعظم عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔

تین روزہ دورہ پاکستان کے دوران سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس اسلام آباد میں منعقدہ عالمی افغان مہاجرین کانفرنس سے خطاب کریں گے، کانفرنس کا مقصد پاکستان کی طرف سے افغان مہاجرین کی 40 سالہ میزبانی، جذبہ اخوت اور افغان امن کے لیے پاکستان کی کوشوں کو اجاگر کرنا ہے۔

ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس 16 فروری کو نصف شب پاکستان پہنچیں گے، اسی روز سیکرٹری جنرل دفتر خارجہ اسلام آباد کا دورہ کریں گے جہاں ان کی ملاقات وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ہوگی۔

سیکرٹری جنرل اور وزیر خارجہ مشترکہ نیوز کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔ سیکرٹری جنرل ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے ایک مکالمے میں بھی شرکت کریں گے، پاکستانی قیادت سیکرٹری جنرل کو مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کرے گی۔

17 فروری کو انتونیو گوتریس وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ اسلام آباد میں منعقدہ انٹرنیشنل افغان مہاجرین کانفرنس سے خطاب کریں گے، دونوں رہنما مشترکہ نیوز کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔ کانفرنس 18 جنوری تک جاری رہے گی جس میں یو این ایچ سی آر کے سربراہ فلپو گرانڈی، افغان اور ایران سے آئے وفود بھی شریک ہوں گے۔

یواین سیکرٹری جنرل اسی روز نسٹ کے ادارے سینٹر فار انٹرنیشنل پیس اینڈ اسٹیبلٹی کا دورہ کریں گے، وہ امن مشن میں خدمات انجام دینے والے پاکستانی پیس کیپرز سے بھی ملیں گے۔

سیکرٹری جنرل صدر مملکت عارف علوی کی طرف سے دیے گئے عشائیے میں بھی شرکت کریں گے، جس بعد وہ لاہور روانہ ہو جائیں گے۔

سیکرٹری جنرل 18 جنوری کو لاہور کی نجی یونیورسٹی میں طلبہ سے خطاب کریں گے، وہ ایک اسکول میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے بھی پلائیں گے۔

انتونیو گوتریس اسی روز گوردوارہ کرتارپور جائیں گے جہاں وہ دوپہر کا کھانا کھائیں گے، کرتار پور دورے کے بعد سیکرٹری جنرل واپس لاہور آئیں گے اور وہ بادشاہی مسجد اور شاہی قلعہ بھی جائیں گے۔

انتونیو گوتریس لاہورمیں مختلف مذاہب کے رہنماؤں سے ملیں گے، وہ لاہور ہی سے واپس روانہ ہوں گے۔

مزید خبریں :