14 فروری ، 2020
کراچی میں قائم ہاؤسنگ اسکیم ’نیا ناظم آباد‘ کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب)، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) اور سندھ ریونیو بورڈ نیا ناظم آباد کی زمین کلیئر قرار دے چکے ہیں۔
نیا ناظم آباد انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پلاٹنگ اور کنسٹرکشن سندھ ریونیو بورڈ، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) اور ایل ڈی اے سے منظور شدہ ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فارم 35 زمین کی پیمائش سے متعلق ہے نا کہ ٹائٹل آف لینڈ سے متعلق، سندھ ہائی کورٹ قرار دے چکی ہے کہ زمین کمپنی کی ہے، بورڈ آف ریونیو کی کئی رپورٹس زمین کو صحیح قرار دے چکی ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ڈی سی ویسٹ توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ کراچی میں ضلع غربی کے ڈپٹی کمشنر فیاض سولنگی نے نیا ناظم آباد ہاؤسنگ اسکیم کو غیر قانونی قرار دے دیا ہے تاہم ہاؤسنگ اسکیم کی انتظامیہ کی درخواست پر سندھ ہائی کورٹ نے ضلعی انتظامیہ کو کارروائی سے روک دیا۔
ڈپٹی کمشنر ضلع غربی فیاض سولنگی نے منصوبے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے محکمہ اینٹی کرپشن، سیکرٹری لینڈ یوٹی لائزیشن اور دیگر متعلقہ حکام کو خط لکھا۔
خط میں نشاندہی کی گئی کہ سیمنٹ فیکٹری کے لیے 1960 میں 1074 ایکڑ زمین 30 سالہ لیز پر الاٹ کی گئی جسے ایک سال بعد جعلسازی سے 99 سالہ لیز میں تبدیل کردیا گیا۔