انٹارکٹیکا کی تاریخ میں پہلی بار درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز

9 فروری 2020 کو انٹارکٹیکا کے ایک حصے میں درجہ حرارت 20.75 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو اب تک کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے— فوٹو: فائل

دنیا کے انتہائی جنوب میں واقع براعظم انٹارکٹیکا کی تاریخ میں پہلی بار درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرگیا۔

برازیل سے تعلق رکھنے والے سائنسدان کارلوس شائیفر نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ انہوں نے انٹارکٹیکا میں درجہ حرارت اتنا بلند کبھی نہیں دیکھا۔

ان کا کہنا ہے کہ 9 فروری 2020 کو انٹارکٹیکا کے ایک حصے میں درجہ حرارت 20.75 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو اب تک کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے۔

تاہم ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ صرف ایک ریڈنگ ہے اور طویل المدتی ڈیٹا سیٹ کا حصہ نہیں۔

گزشتہ ہفتے بھی براعظم نے گرمی میں ریکارڈ توڑا تھا اور درجہ حرارت 18.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

تازہ ترین ریڈنگ جزیرہ سیمور میں قائم ایک مانیٹرنگ اسٹیشن پر لی گئی تھی، یہ جزیرہ براعظم انٹارکٹیکا کے انتہائی شمال میں واقع ہے۔

ریکارڈ کیا جانے والا درجہ حرارت اب تک کا سب سے زیادہ ہے لیکن اس کے باوجود کارلوس شائیفر کہتے ہیں کہ مذکورہ ریڈنگ کسی طویل المدتی تحقیق کا حصہ نہیں تھی لہٰذا اسے براعظم میں درجہ حرارت کا رجحان طے کرنے کیلئے استعمال نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس ریڈنگ کو مستقبل میں موسمیاتی تبدیلیوں کی پیش گوئی کیلئے استعمال نہیں کرسکتے البتہ یہ ہمیں اس بات کا اشارہ ضرور دیتا ہے کہ علاقے میں کچھ مختلف ہورہا ہے۔

انٹارکٹیکا کتنی تیزی سے گرم ہورہا ہے؟

اقوام متحدہ کے زیر انتظام کام کرنے والے عالمی ادارہ برائے موسمیات (ڈبلیو ایم او) کا کہنا ہے کہ گزشتہ 50 برسوں کے دوران انٹارکٹیکا میں عمومی درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھا ہے۔

ڈبلیو ایم او کا کہنا ہے کہ گزشتہ 12 برسوں کے دوران گلوبل وارمنگ کی وجہ سے گلیشیئرز بھی تیزی سے پگھل رہے ہیں۔

اس کے علاوہ جنوری 2020 انٹارکٹیکا کی تاریخ میں گرم ترین جنوری تھا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل انٹارکٹیکا کے پورے خطے (جس میں براعظم، جزائر اور بحیرے وغیر بھی شامل ہیں) کا سب سے زیادہ درجہ حرارت جنوری 1982 میں 19.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

گزشتہ برس جولائی میں دنیا کے انتہائی شمال میں واقع آرکٹک خطے میں بھی 21 ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت پہنچ گیا تھا جو کہ اس خطے کا اپنا ایک ریکارڈ ہے۔

مزید خبریں :