Time 15 فروری ، 2020
دنیا

کورونا وائرس: چین میں جانوروں کو بھی ماسک پہنائے جانے لگے

فوٹو: بشکریہ پیوپل ڈاٹ کام

چین سے دنیا بھر میں پھیلنے والے خطرناک ترین جان لیوا کورونا وائرس کا خوف پوری دنیا میں پھیل چکا ہے اور اس  سے بچاؤ کے لیے  شہری ماسک کا استعمال کررہے ہیں۔

کورونا وائرس کے خوف سےاب چین میں پالتو جانوروں کے مالکان نے کتے، بلیوں اور دیگر جانوروں کو ماسک پہنا دیے ہیں تاکہ یہ بھی کورونا وائرس سے محفوظ رہ سکیں۔

فوٹو: بشکریہ این ڈی ٹی وی

چینی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ویبو پر صارفین کی جانب سے چند تصاویر پوسٹ کی گئیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کتے اور بلیوں کا منہ مکمل طور پر ماسک سے ڈھکا ہوا ہے اور بس سانس لینے اور آنکھوں کی جگہ سے ماسک کھلا ہوا ہے۔

سوشل میڈیا پر پالتو جانوروں کی ماسک میں تصاویر وائرل ہورہی ہیں۔

چین کے قومی صحت کمیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اگر پالتو جانور باہر جائیں گے اور ان کا کورونا وائرس سے متاثرہ شخص سے ملاپ ہوگا تو ان میں بھی کورونا وائرس کے خطرات ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسی کے پیشِ نظر پالتو جانوروں کو بھی گھروں میں ہی رکھیں، لوگوں کے علاوہ ہمیں دوسرے جانور خاص طور پر پالتو جانوروں کی بھی حفاظت کرنی ہے۔

واضح رہے کہ چین کے قومی ادارہ صحت نے وائرس کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 143 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 1523 ہوگئی ہے جب کہ کووڈ-19 سے متاثرہ 2641 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مریضوں کی تعداد 66492 تک جا پہنچی ہے۔

 ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈانوم کا کہنا ہے کہ باوجود اس کے کہ کورونا کے 99 فیصد کیسز چین میں ہیں، یہ وبا دنیا کے لیے سنگین خطرہ قرار ہے اور وائرسز کے اثرات دہشت گردانہ کارروائیوں سے زیادہ سنگین ہو سکتے ہیں۔

چین کے صوبے ہوبئی سے پھیلنے والے کورونا وائرس کی تصدیق دنیا کے 25 ممالک ہو چکی ہے جب کہ چین سے باہر ہانگ کانگ، فلپائن، جاپان اور مصر میں بھی وائرس سے ہلاکت کا کیس سامنے آچکا ہے۔ 

مزید خبریں :