Time 15 فروری ، 2020
دنیا

کورونا وائرس: بیجنگ لوٹنے والوں کیلئے قرنطینہ ضروری، ہلاکتیں 1500 سے بڑھ گئیں

پُراسرار کورونا وائرس کے باعث چین کے دارلحکومت بیجنگ میں چھٹیوں سے لوٹنے والوں کے لیے 14 دن کے قرنطینہ کو  لازمی قرار دیدیا گیا۔

چین کے قومی ادارہ صحت نے وائرس کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 143 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 1523 ہوگئی ہے جب کہ کووڈ-19 سے متاثرہ 2641 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مریضوں کی تعداد 66492 تک جا پہنچی ہے۔   

چینی میڈیا کے  مطابق وائرس کی وجہ سے چین کے مختلف شہروں سے بیجنگ لوٹنے والے تمام شہریوں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ واپس آنے کے بعد اپنے آپ کو گھروں میں یا بتائے گئے حکومتی مراکز میں 14 دن تک قرنطینہ کریں۔

14 دن قرنطینہ کا حکم خاص طور پر ان افراد کے لیے جاری کیا گیا ہے جوبیجنگ سے نئے چینی سال کو منانے کے لیے مختلف شہروں میں گئے تھے، یہ اقدام افریقی ملک مصر میں کورونا کا پہلا مریض سامنے آنے کے بعد اٹھایا گیا ہے۔

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے بھی پُراسرار کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد ہزار سے تجاوز کرنے کے بعد اس سے ہونے والے مرض کو کووڈ-19 (covid-19) کا نام دے دیا ہے۔

 ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈانوم کا کہنا ہے کہ باوجود اس کے کہ کورونا کے 99 فیصد کیسز چین میں ہیں، یہ وبا دنیا کے لیے سنگین خطرہ قرار ہے اور وائرسز کے اثرات دہشت گردانہ کارروائیوں سے زیادہ سنگین ہو سکتے ہیں۔

 چین کے صوبے ہوبئی سے پھیلنے والے کورونا وائرس کی تصدیق دنیا کے 25 ممالک  ہو چکی ہے جب کہ چین سے باہر ہانگ کانگ، فلپائن اور جاپان میں بھی وائرس سے ہلاکت کا کیس سامنے آچکا ہے۔

مزید خبریں :