Time 16 فروری ، 2020
پاکستان

ایف اے ٹی ایف اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستانی وفد پیرس پہنچ گیا

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستانی وفد فرانس کے دارالحکومت پیرس پہنچ گیا۔

ایف اے ٹی ایف کا اجلاس پیرس میں 21 فروری تک جاری رہے گا جس میں پاکستان سے متعلق اہم فیصلہ متوقع ہے۔

پاکستان کی نمائندگی کے لیے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر پیرس پہنچے ہیں۔ اجلاس میں پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی طرف دیے گئے نکات سے متعلق اقدام پر غور ہوگا۔

ایف اے ٹی ایف کا باقاعدہ اجلاس کل سے ہوگا جبکہ ایف اے ٹی ایف کے صدر جمعے کو پریس کانفرنس کریں گے۔

خیال رہے کہ جنوری 2020 میں ایف اے ٹی ایف کے تکنیکی معاملات سے متعلق اجلاس چین میں ہوا تھا جس میں رکن ممالک کے نمائندوں نے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا تھا۔

اس اجلاس سے متعلق بھارتی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھاکہ پاکستان کا نام فروری میں ہونے والے اجلاس میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ سے نکالے جانے کا قوی امکان ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق چین کی لابنگ اور نجی کنسلٹنٹ کی مدد سے 75 فیصد امکان ہے کہ پاکستان کا نام ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکال دیا جائے۔

رپورٹ کے مطابق بیجنگ میں ہونے والے اجلاس میں چین نے 39 ممالک کے گروپ کوبتایا کہ پاکستان انسداد دہشت گردی میں مؤثرکوششیں کررہا ہے، پاکستان کو گرے لسٹ سے نکلنے اور وائٹ لسٹ میں آنے کے لیے 39 ووٹوں میں سے 12 ووٹ درکار ہیں۔

واضح رہے کہ 18 اکتوبر 2019 کو ہونے والے ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں بھارت کی پاکستان کو بلیک لسٹ کرانے کی تمام کوششیں ناکام ہوگئی تھیں اور ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو مزید 4 ماہ گرے لسٹ میں ہی رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے ارکان کی تعداد 39 ہے جس میں امریکا، برطانیہ، چین، بھارت، ترکی سمیت 37 ممالک اور خیلج تعاون کونسل اور یورپی کمیشن بھی بطور رکن شامل ہیں۔

تنظیم کی بنیادی ذمہ داریاں عالمی سطح پر منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے لیے اقدامات کرنا ہیں۔

مزید خبریں :