17 فروری ، 2020
لاہور: شوہر کے لیے تعویز لینے آنے والی کراچی کی خاتون کو اجتماعی زیادتی کے بعد سڑک کنارے پھینک دیا گیا۔
کراچی کی رہائشی مریم شوہر کو راہ راست پر لانے کے لیے پنجاب سے تعویذ لینے آئی لیکن خود اجتماعی زیادتی کا نشانہ بن گئی، ملزمان نے خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا کر اسےحالت غیر ہونے پر نشہ آور انجکشن لگا کر جوہر ٹاؤن کے علاقے میں پھینک دیا۔
خاتون کو سڑک کنارے نیم بے ہوشی کی حالت میں پڑا دیکھ کر راہگیر نے پولیس کو اطلاع دی جس پر پولیس نے خاتون کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا۔
خاتون نے پولیس کو بتایا کہ اس کا نام مریم ہے اور وہ کراچی کی رہائشی ہے، وہ شوہر کو راہ راست پر لانے کے لیے تعویز کروانے کراچی سے چیچہ وطنی پہنچی جہاں ساجد نامی شخص اسے ایک ڈیرے پر لے گیا۔
ڈیرے پر 6 افراد نے اس کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی اوربعد میں ملزمان نشے کا انجکشن لگا کر لاہور لے آئے اور یہاں بھی زیادتی کا نشانہ بناتے رہے اور جب حالت زیادہ خراب ہوئی تو جے ون مارکیٹ جوہر ٹاون میں پھینک گئے۔
پولیس نے متاثرہ خاتون کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا۔