پاکستان
Time 17 فروری ، 2020

چیف جسٹس صحافی عزیز میمن کے قتل کا نوٹس لیں: فواد چوہدری

فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزير برائے سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے چیف جسٹس پاکستان سے سندھی صحافی عزیز میمن کے قتل کا نوٹس لینے کی درخواست کی ہے۔

اپنے بیان میں وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ قتل کیے گئے سندھی صحافی عزيز میمن نے اپنی موت سے پہلے سندھ کی حکمران جماعت پر الزام لگائے تھے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)  کو صحافی عزیز میمن کےقتل تحقیقات کرنی چاہئیں۔

وفاقی وزیر نے چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد سے بھی قتل کا ازخود نوٹس لینے کی درخواست کی۔

صحافی عزیز میمن کا قتل 

واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ کے شہر محراب پور میں ایک سندھی صحافی عزیز میمن کو قتل کردیا گیا تھا جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس سے رپورٹ طلب کی تھی۔

مقتول صحافی عزیز میمن کو گزشتہ سال بلاول بھٹو کے ٹرین مارچ کے دوران شہرت ملی تھی جب انہوں نے ٹرین مارچ میں 200 روپے لے کر آنے والی خواتین جیالوں کی اسٹوری کی تھی۔

ان کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی جب کہ وزیراعظم عمران خان سمیت مخلتف سیاسی قائدین نے اس ویڈیو کا تذکرہ اپنی تقاریر میں بھی کیا تھا۔

خبر کے بعد مقتول صحافی عزیز میمن کو دھمکیاں مل رہی تھیں جس کا اظہار انہوں نے کئی بار کیا بھی تھا۔

عزیز میمن نے مقامی ایس ایس پی طارق ولایت اور ممبر قومی اسمبلی سید ابرار شاہ کے خلاف اسلام آباد میں دھرنا بھی دیا تھا اور تحفظ کی اپیل کی تھی۔

مزید خبریں :