Time 17 فروری ، 2020
دنیا

کورونا وائرس کی وجہ سے ٹوائلٹ پیپرز بھی نایاب ہوگئے

مہلک کورونا وائرس نے ٹوائلٹ پیپر کو بھی اتنا اہم بنادیا ہے کہ انہیں حاصل کرنے کیلئے لوگ کسی بھی حد تک جانے کیلئے تیار ہوگئے ہیں۔

ہانگ کانگ میں ٹوائلٹ پیپر چُرانے والے گینگ کو پولیس نے گرفتار کرلیا اور ان سے ٹوائلٹ پیپرز بھی برآمد کرلیے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ہانگ کانگ میں چاقو بردار گینگ نے سُپر مارکیٹ کے باہر ڈیلیوری مین سے ٹوائلٹ پیپر رولز کے 50 پیکٹ چھین لیے۔

پولیس کے مطابق گینگ کے تین افراد میں سے دو کو پکڑ لیا ہے جبکہ تیسرے ملزم کی تلاش جاری ہے۔

ان ٹوائلٹ پیپرز کو بھی برآمد کرلیا گیا ہے جن کی مالیت تقریباً 220 امریکی ڈالر ہے۔ اس کے علاوہ پولیس نے ملزمان سے متعلق مزید کوئی تفصیلات جاری نہیں کیں۔

خیال رہے کہ چین کے شہر ووہان سے دنیا کے 24 سے زائد ممالک میں پھیلنے والے کورونا وائرس نے لوگوں کو خوف میں مبتلا کردیا ہے۔

ہانگ کانگ میں بھی اس وقت کورونا وائرس کے وجہ سے شدید خوف پھیلا ہوا ہے اور لوگ اپنے ارد گرد صفائی برقرار رکھنے لیے ٹشو پیپرز، ٹوائلٹ رولز اور صفائی کرنے والی دیگر مصنوعات سمیت کھانے پینے کی اشیاء کو ذخیرہ کر رہے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ ہانگ کانگ کی سپُر مارکیٹس میں ٹوائلٹ پیپرز ودیگر اشیاء کی قلت ہوگئی ہے اور اب لوگ انہیں حاصل کرنے کیلئے جرم کا راستہ اختیار کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس سے ہانک کانگ میں بھی ایک ہلاکت ہوچکی ہے۔

مزید خبریں :