Time 18 فروری ، 2020
پاکستان

چینی حکومت نے پاکستانی حکام کو ووہان شہر تک رسائی دے دی

فوٹو سوشل میڈیا—

اسلام آباد: چین نے پاکستان کی درخواست پر  دارالحکومت بیجنگ میں تعینات پاکستانی سفارت خانے  کو ووہان شہر جانے کی اجازت دے دی۔

دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں بتایا کہ چین کے شہر ووہان میں پھنسے وائرس سے متاثرہ پاکستانی طلبہ سے رابطے کے لیے چینی حکومت نے حکومت پاکستان کی درخواست پر سفارت خانے سے دو افسران کو  ووہان جانے کی اجازت دی ہے تاکہ وہ طلبہ سے ملاقات کرکے خیریت دریافت کر سکیں۔

ترجمان وزارت خارجہ کے مطابق ٹاسک فورس کے دونوں افسران  کو مستقل طور پر ووہان بھیجا گیا ہے تاکہ وہ وہاں رہ کر چینی حکام سے مسلسل رابطے میں رہیں۔

ترجمان کے مطابق دونوں افسران ووہان کے حالات بہتر ہونے کے بعد واپس لوٹ آئیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے  وزارت خارجہ نے چین میں کورونا وائرس کی وجہ سے پھنسے متاثرہ پاکستانی طلبہ سے والدین کو رابطہ کرنے کے لیے ہاٹ لائن کی سہولت بھی فراہم کی تھی۔

خیال رہے کہ چینی حکام کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے مزید 1886 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جن میں زیادہ تر کا تعلق ہوبئی سے ہے، نئے کیسز کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 72 ہزار 436 ہوگئی ہے۔

مزید خبریں :