سام سنگ کے اسمارٹ فون صارفین مشکوک نوٹیفکیشن سے پریشان

— فائل فوٹو

دنیا بھر میں سام سنگ کے گلیکسی اسمارٹ فون صارفین کو بدھ کے روز ایک مشکوک "فائنڈ مائی فون" کا نوٹیفکیشن موصول ہوا جس پر صارفین نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ کمپنی ان کی لوکیشن کو ٹریک کر رہی ہے۔

سام سنگ کے اسمارٹ فون استعمال کرنےوالے لاکھوں صارفین نے بدھ کو ٹوئٹر پر سام سنگ سے شکایت کی کہ انہیں "فائنڈ مائی فون" کا نوٹیفکیشن موصول ہوا۔

یہ نوٹیفکیشن کے ملنے کے فوراً بعد ہی مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر "فائنڈ مائی فون" ٹرینڈ کرنے لگا اور صارفین نے اس نوٹیفکیشن کے اسکرین شاٹس شیئر کرنا شروع کر دیے۔

— صارفین کو ملنے والے نوٹیفکیشن کا عکس

یاد رہے کہ سام سنگ کے اسمارٹ فونز میں ایک "فائنڈ مائی فون" کی ایپ پہلے سے ہی موجود ہوتی ہے جس کا مقصد فون گم یا چوری ہو جانے کی صورت میں اس کی لوکیشن تلاش کرنا ہے جب کہ اگر کوئی صارف اپنا پاس ورڈ، پن یا پیٹرن کوڈ بھول جانے کی صورت میں اسی ایپ کے ذریعے وہ فون کو دوبارہ کھول بھی سکتا ہے۔

صارفین نے اس نوٹیفکیشن کو اس لیے بھی مشکوک قرار دیا انہوں نے نہ تو اس فیچر کے لیے لاگ ان کیا اور نہ ہی ایپ کی سیٹنگ میں تبدیلی کی جب کہ اس کے ساتھ لوگوں کو 1،1 لکھا ہوا پیغام بھی ملا جس نے تشویش کو مزید بڑھایا۔

اسی لیے صارفین نے سام سنگ سے جواب طلب کیا کہ کیا اس پیغام کا مطلب یہ ہے کہ ان کی لوکیشن کو ٹریک کیا جارہا ہے؟

اس حوالے سے سام سنگ برطانیہ نے ایک صارف کے پوچھنے پر جواب دیا کہ یہ نوٹیفکیشن غلطی سے ایک ٹیسٹنگ یعنی جانچ کے عمل کے دوران گلیکسی اسمارٹ فون کے صارفین کو بھیج دیا گیا۔ کمپنی نے اس عمل پر صارفین سے معذرت کی ہے۔

کیا آپ کو بھی یہ پیغام موصول ہوا ہے؟

مزید خبریں :