دنیا
Time 20 فروری ، 2020

قرنطینہ میں کھڑے کروز شپ کے 2 مسافر کورونا وائرس سے ہلاک

مرنے والی خاتون اور مرد دونوں کا تعلق جاپان سے تھا اور دونوں کی عمر یں 80 کے قریب تھیں— فوٹو: فائل

جاپان کے ساحل پر قرنطینہ پر کھڑے کروز شپ کے دو مسافر کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاک ہوگئے۔

فرانسسی نیوز ایجنسی کے مطابق جاپان کے حکام کا اس سے متعلق کہنا تھا کہ کورونا ڈائمنڈ پرنسس کروز شپ کے دو عمر رسیدہ مسافر جمعرات کو جاں بحق ہوگئے ہیں۔

اس کے علاوہ حکام کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کے وائرس کے ٹیسٹ منفی آئے تھے اور اس کے بعد وہ شپ سے چلے گئے تھے، اب اُن کے حوالے سے بھی خدشات بڑھ گئے ہیں کیوں کہ مذکورہ دونوں افراد کو گزشتہ ہفتے جہاز سے اتار کر اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ چل بسے۔

کروزشپ کے وائرس سے متاثرہ دونوں مسافروں کے مرنے کی اطلاع اُس وقت سامنے آئی ہے جب کروز شپ کے مزید 13 مسافروں کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت ثابت ہوئے ہیں جس کے بعد کروز شپ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے تعداد 634 تک پہنچ گئی ہے۔

مرنے والی خاتون اور مرد دونوں کا تعلق جاپان سے تھا اور دونوں کی عمر یں 80 کے قریب تھیں، جبکہ دونوں مسافروں میں وائرس کے موجود ہونے کی وجہ سے انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں پر دونوں اپنی جان کی بازی ہارگئے۔

جاپان کے وزیرِ صحت کا کہنا تھا کہ انتقال کرنے والے شخص کو پہلے سے دمے کی بیماری تھی اور اُن کا انجائنا کا بھی علاج ہوچکا تھا۔ مگر خاتون کو وائرس سے پہلے کوئی بیماری نہیں تھی، خاتون نمونیہ کے سبب ہلاک ہوئیں۔

وزیرِ صحت کا کہنا تھا کہ علامات ظاہر ہونے پر دونوں کو فوراً اسپتال لے جایا گیا تھا اور مجھے یقین ہے کہ وہاں پر دونوں افراد کو ہر ممکن سہولت فراہم کی گئی ہوگی۔

بدھ کے روز کروز شپ کے 443 مسافروں کو کورونا وائرس کے ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آنے پر جہاز سے اُتار دیا گیا کیوں کہ اُن مسافروں میں 14 دن کے دوران کسی بھی قسم کی علامات ظاہر نہیں ہوئی تھیں۔

توقع کی جارہی ہے کہ بقیہ مسافروں کے انخلاء کا عمل بھی آئندہ دو سے تین روز میں مکمل ہوجائے گا۔

جمعرات کو مزید تقریباً 250 مسافر گھر جانے کے لیے کروز شپ سے خصوصی بسوں کے ذریعے اسٹیشن کے لیے روانہ ہوئے۔

مزید خبریں :