Time 22 فروری ، 2020
دنیا

کورونا وائرس سے اٹلی میں 2، ایران میں 5 ہلاکتیں ہوگئیں

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کورونا وائرس کے متعدد نئے کیسز  پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کا تعلق چین سے واضح نہیں ہوتا۔

ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈانوم نے ایران میں کورونا وائرس سے مزید دو ہلاکتوں کی تصدیق کی  جس پر ایرانی ہیتلھ حکام کا کہنا تھا کہ ممکن ہے کہ کورونا وائرس پہلے سے ایران کے تمام شہروں میں موجود ہو۔

ایران میں اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 28 تک پہنچ چکی ہے جبکہ مجموعی طور پر پانچ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

ان ہلاکتوں کے بعد حکام نے شہر قم اور تہران میں اسکول اور یونیورسٹیوں کو بند کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔ متاثرہ افراد میں زیادہ تر کا تعلق قم شہر سے ہے جہاں دو افراد ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔

خیال رہے کہ دسمبر 2019 کے آخر سے اب تک چین میں کورونا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 2345 ہوگئی ہے جبکہ دیگر ممالک میں اموات کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔

اٹلی

اٹلی سے بھی کورونا وائرس کے نتیجے میں 2 افراد کی ہلاکت کی خبر سامنے آئی ہے جن کا تعلق شمالی شہر پادوا سے بتایا جارہا ہے۔

 پہلی ہلاکت کے خوف سے اٹلی کے حکام نے قریبی اسکولوں اور عوامی مقامات کو بند کر دیا ہے۔

ادھر لبنان اور اسرائیل میں بھی کورونا وائرس کے کیسز کی تصدیق ہو گئی ہے۔

کووڈ-19 کے نئے کیسز پر عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے کہا کہ وائرس کو روکنے کے مواقع کم ہوتے جا رہے ہیں مگر دیگر ممالک سے رپورٹ ہونے والے نئے کیسز کا تعلق چین سے واضح نہیں ہوتا۔

چین کے باہر 30 ممالک میں اب تک 1152 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جب کہ مجموعی طور پر اس سے ہلاکتوں کی تعداد16 ہو چکی ہے۔

چین

چین میں کورونا وائرس سے مزید 109 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 76 ہزار 288 تک جا پہنچی ہے۔ نئے اعداد و شمار سامنے آنے کے بعد چین میں ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار 300 سے تجاوز کر گئی ہے۔

چینی حکام کا کہنا ہے کہ وائرس کے متاثرین کی تعداد میں کمی آ رہی ہے تاہم متاثرہ افراد کی ہلاکتوں کا سلسلہ نہیں روکا جا سکا ہے۔

چین میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی مدد سے کورونا وائرس کے علاج کے لیے 2 ادویہ کی آزمائشی جانچ بھی شروع کر دی گئی ہے، ان ادویہ کے نتائج 3 ہفتوں میں سامنے آئیں گے۔

جنوبی کوریا

جنوبی کوریا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور مزید نئے 229 کیسز سامنے آگئے ہیں۔

جنوبی کوریا میں اب تک کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 433 ہوچکی ہے جبکہ دو افراد ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔

چین سے باہر کسی بھی ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد سب سے زیادہ جنوبی کوریا میں ہے جہاں اب تک 433 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے البتہ جاپان کے قریب سمندر میں کھڑے بحری جہاز ڈائمند پرنسز میں سامنے آنے والے کیسز کی تعداد اس سے زیادہ تھی۔

مزید خبریں :