کھیل
Time 22 فروری ، 2020

پی ایس ایل فائیو پر سؤئنگ کے سلطان وسیم اکرم کیلیے بہت ہی خاص تحفہ

فوٹو: فائل

پاکستان سپر لیگ 5 کی افتتاحی تقریب کے موقع پر سؤئنگ کے سلطان وسیم اکرم کی زندگی پر مبنی فلم بنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

سابق کپتان وسیم اکرم کی زندگی پر بنائی جانے فلم کا نام ’اکرم: این ایرا‘ ہو گا اور اس حوالے وسیم اکرم کی جانب سے ایک مختصر کلپ بھی شیئر کی گئی۔

رپورٹس کے مطابق اگر چہ فلم کی کاسٹ اور ریلیز کی تاریخ کے حوالے سے تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں لیکن وسیم اکرم کی زندگی پر مبنی فلم ’اکرم: این ایرا‘ اس سال کے آخر میں ریلیز کی جائے گی۔

فلم ’اکرم: این ایرا‘ کو ’بینرز آف 502 پروڈکشن‘ اور ’پومیلو فلمز ‘کے بینرز تلے ریلیز کیا جائے گا جس کے ایگزیکیٹو پروڈیوسر عدیل نیازی اور ارسلان ایچ شاہ ہوں گے جب کہ فلم کی ہدایت کاری بھی عدیل نیازی ہی کریں گے۔

فوٹو: بشکریہ دی کرنٹ پی کے 

اس حوالے سے وسیم اکرم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’در حقیقت اب کرکٹ پر فلمیں بن رہی ہیں اور اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ اسپورٹس اسٹار نہ صرف کھیل کے لیے بلکہ فلمی صنعت کے لیے اچھے ثابت ہوں گے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’فلمیں نوجوان نسل سے جُڑنے کا ایک منفرد ذریعہ ہے، میں فلم کی پروڈکشن میں حصہ لینے کا منتظر ہوں اور مجھ سے انتظار نہیں ہو رہا کہ یہ فلم بننے کے بعد کیسی ہو گی‘۔

کہا جا رہا ہے کہ اس فلم میں نہ صرف وسیم اکرم کے متعدد کارناموں کو اُجاگر کیا جائے گا بلکہ اس میں ان کی ذاتی زندگی اور اسٹیڈیم کے باہر کی زندگی اور کوششوں پر بھی روشنی ڈالی جائے گی۔

واضح رہے کہ وسیم اکرم کی زندگی پر بننے والی فلم ’اکرم: این ایرا‘ فی الحال ابتدائی مراحل میں ہے جب کہ پروڈکشن ہاؤس پی ایس ایل 5 ختم ہونے کے فوراً بعد آڈیشن اور اسکرین ٹیسٹ کا کام شروع کریں گے۔

مزید خبریں :