پاکستان
Time 22 فروری ، 2020

پلاسٹک بیگز زہر بنتے جا رہے ہیں، فوری طور پر بند کیے جائیں: لاہور ہائیکورٹ

لاہور ہائی کورٹ نے ڈپارٹمنٹل اسٹورز  پر پولی تھین بیگز کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

 لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس شاہد کریم نے ابوزر سلمان نیازی کی درخواست پر سماعت کی، دوران سماعت نشاندہی کی گئی کہ محکمہ ماحولیات نے عدالتی حکم  پر عملدرآمد نہیں کیا۔

سماعت کے دوران پلاسٹک بیگز مینوفیکچررز نے فریق بننے کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔

 عدالت نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ پوری دنیا کو خوراک فراہم کرنے والے سمندر ختم ہو رہے ہیں،  پلاسٹک بیگز زہر بنتے جا رہے ہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ دنیا میں پولی تھین بیگز کا استعمال بند ہو چکا ہے، امریکا اور دیگر ملکوں میں بڑی بڑی کمپنیاں خود کو گرین کمپنیاں بنا رہی ہیں۔ 

عدالت نے متعلقہ حکام کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست پر مزید سماعت 28 فروری تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ حکومت نے کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت پلاسٹک کی تھیلیوں پر پابندی کا آغاز اسلام آباد سے کیا ہے۔

مزید خبریں :