Time 22 فروری ، 2020
دنیا

چین کے بعد جنوبی کوریا میں کورونا وائرس تیزی سے پھیلنے لگا

جنوبی کوریا میں اب تک کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 433 ہوچکی ہے جبکہ دو افراد ہلاک بھی ہوچکے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

جنوبی کوریا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور مزید نئے 229 کیسز سامنے آگئے ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جنوبی کوریا میں اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ ہونے والے افراد کی تعداد 433 ہوچکی ہے اور اس میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

حالیہ 229 کیسز میں سے زیادہ تر ان افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جو جنوبی کوریا کے صوبے جیانگ سانگ کے قصبے چیانگ ڈو کے ایک ذہنی امراض کے اسپتال میں زیر علاج تھے۔

چین سے باہر کسی بھی ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد سب سے زیادہ جنوبی کوریا میں ہے جہاں اب تک 433 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے البتہ جاپان کے قریب سمندر میں کھڑے بحری جہاز ڈائمند پرنسز میں سامنے آنے والے کیسز کی تعداد اس سے زیادہ تھی۔

جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول سے 200 کلومیٹر پر موجود گومی نامی علاقے میں سام سنگ کمپنی کے ملازمین میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے جس کے بعد کمپنی نے اپنا کام پیر تک کیلئے معطل کردیا ہے۔

اس بارے میں جنوبی کوریا کے نائب وزیرِ صحت کم گانگ لپ نے بتایا کہ جن لوگوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ان میں سے بہت سے افراد وہ ہیں جو کہ اسپتال میں ذہنی امراض کے علاج کیلئے داخل تھے۔

اس بارے میں اُن کا مزید کہنا تھا کہ ان میں سے کچھ لوگوں کا وائرس سے متعلق کسی بھی چیز سے رابطہ نہیں ہوا تھا، اس لیے ابھی تک ہمیں اس بارے میں معلوم نہیں ہوا ہے کہ یہ وائرس انہیں کہاں سے لگا ہے۔

حکام کا کہنا تھا کہ وائرس کے باعث ایک اور موت واقع ہوچکی ہے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کے تعداد 2 ہوگئی ہے۔ ہلاک ہونے والے دونوں افرد اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔

اس کے علاوہ جنوبی کوریا کے ایک چرچ کے تقریباً 200 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ جس میں سب سے پہلے 61 سال کی عمر رسیدہ خاتون میں وائرس کی تصدیق ہوئی تھی اور وہ وائرس کی تصدیق سے پہلے چرچ آتی رہتی تھیں۔

کوریا کے تدارک امراض کے قومی ادارے کا کہنا ہے کہ جنوبی کوریا کہ شہر ڈائے گو میں موجود اس چرچ کے 9300 افراد کو مختلف مقامات پر قرنطینہ میں رہنے یا پھر گھر میں رہنے کا کہا گیا ہے۔ ان میں سے 1261 افراد میں وائرس کے موجود ہونے کی علامات موجود ہیں۔

25 لاکھ کی آبادی والے جنوبی کوریا کے چوتھے بڑے شہر ڈائے گو کے میئر کہنا ہے کہ لوگ گھروں میں رہیں جبکہ اس علاقے میں موجود امریکی فوجی اڈے تک رسائی پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

مزید خبریں :