Time 22 فروری ، 2020
پاکستان

حکومت کا ٹھیکہ پورا ہوچکا، 6 ماہ میں چلی جائےگی، بلاول

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت کا ٹھیکہ پورا ہوچکا، یہ 6ماہ میں چلی جائےگی۔

لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ یہ حکومت ٹھیکے پرلی گئی ہے، اس کے پاس کوئی اختیار نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ موجودہ پاور شیئرنگ فارمولا کے ساتھ اقتدار میں نہیں آئیں گے، جب حکومت ٹھیکے پر ملے تو وہی کرتی ہےجو ٹھیکا ہو۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم نے 18 ویں ترمیم کے ذریعے پارلیمنٹ اور سویلین بالادستی کویقینی بنایا تھا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کے مطابق بیرونی طاقتیں سلیکٹڈ حکومتوں کو ہی استعمال کرتی ہیں، مودی کے بعد اب ٹرمپ کی الیکشن مہم چلائی جارہی ہے۔

امریکا پر تنقید کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ کیامناقفت ہےکہ ہم سے ڈومورکا مطالبہ کرنے والے سراج حقانی کے انٹرویو چھاپتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ  مسلم لیگ ن بھی عمران خان کی طرح پارلیمنٹ کو زیادہ اہمیت نہیں دیتی، بینظیر بھٹو نے17ارکان کے ساتھ بھاری اکثریت والے نواز شریف کو امیر المومنین بننے نہیں دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈرکا کردار اہم ہوتاہے،امید ہے شہبازشریف جلد واپس آئیں گے، پنجاب کےعوام کو جب ضرورت پڑی توان کے لیڈر ہی غائب ہوگئے۔

'سندھ میں کتاکاٹےتوبریکنگ بنتی ہے'

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سندھ میں کتاکاٹےتوبریکنگ بنتی ہے،پرائم ٹائم ہیڈلائن ہوتی ہے، فیصل آباداورلاہور میں کتےکاٹیں توکوئی بریکنگ نہیں جب کہ سندھ کا ایچ آئی وی (ایڈز)  برا اور پنجاب کا ایچ آئی وی اچھاہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلٰی سندھ مرادعلی شاہ کا پنجاب،بلوچستان اور خیبرپختونخواکے وزرائے اعلٰی سےمقابلہ کرلیں، مرادعلی شاہ ، شہبازشریف سے بھی بہتر تھے اور موجودہ وزیراعلٰی سے بھی بہتر ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا مزیدکہنا تھا کہ مہنگائی کم نہیں ہورہی بلکہ ابھی تو شروع ہو رہی ہے،گرمیاں آنےدیں، بجلی ہوگی نہ ائیرکنڈیشنز چلیں گے مگربل تاریخی آئیں گے،آٹے اور لال مسجد سمیت مشرف دورکے تمام بحران دوبارہ سراٹھاچکے ہیں۔

مزید خبریں :