Time 23 فروری ، 2020
دنیا

چین سمیت 33 ممالک میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 78 ہزار سے تجاوز کر گئی

چین سمیت مختلف ممالک میں جان لیوا کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 78 ہزار ہوگئی—فوٹو فائل

چین میں جان لیوا کورونا وائرس تھمنے کا نام نہیں لے رہا جس کے باعث مسلسل متاثرین اور اموات کی تعداد میں اضافہ بڑھتا جا رہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین میں کورونا وائرس سے مزید 114 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی  تعداد 2459 تک جا پہنچی ہے جب کہ متاثرین کی مجموعی تعداد 77 ہزار ہو گئی ہے۔

چین سمیت 33 ممالک میں اب تک 1152 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جب کہ مجموعی طور پر اس سے ہلاکتوں کی تعداد 16 ہو چکی ہے۔

مجموعی طور پر چین سمیت 33 ممالک میں کورونا سے متاثر افرادکی تعداد 78600 ہو گئی ہے۔

 جنوبی کوریا میں اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ ہونے والے افراد کی تعداد 433 ہو چکی ہے اور اس میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

چین سے باہر کسی بھی ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد سب سے زیادہ جنوبی کوریا میں ہے جہاں اب تک 433 افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے البتہ جاپان کے قریب سمندر میں کھڑے بحری جہاز ڈائمند پرنسز میں سامنے آنے والے کیسز کی تعداد اس سے زیادہ تھی۔

ایران میں بھی اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 28 تک پہنچ چکی ہے جب کہ مجموعی طور پر 6 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

وائرس کے خوف سے ایران میں متاثرہ علاقوں کے اسکول، دفاتر اور دیگر عوامی مقامات کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔  ادھر لبنان اور اسرائیل میں بھی کورونا وائرس کے کیسز کی تصدیق ہو گئی ہے۔

کووڈ-19 کے نئے کیسز پر عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے کہا کہ وائرس کو روکنے کے مواقع کم ہوتے جا رہے ہیں مگر دیگر ممالک سے رپورٹ ہونے والے نئے کیسز کا تعلق چین سے واضح نہیں ہوتا۔

مزید خبریں :