23 فروری ، 2020
جماعت اسلامی نے سوات سے مہنگائی کے خلاف ملک گیر تحریک کا آغاز کردیا۔
سوات کے علاقے مینگورہ میں مہنگائی کے خلاف ریلی کی قیادت جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کی جس میں سیکڑوں افراد شریک تھے۔
شرکاء سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ آج کا اجتماع پی ٹی آئی کی تبدیلی کا جنازہ ہے، پوری قوم تبدیلی کا رونا رو رہی ہے، یہ جلسہ آٹا اور چینی چوروں کے خلاف ہے، چوروں نے ملک کو ایم آئی ایف کے حوالے کردیاہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک پر پرویز مشرف اور پیپلز پارٹی کا مرکب برسر اقتدار ہے، آج کے پاکستان پر مسلط لوگوں کا نظریہ کسی کو معلوم نہیں، یہاں کے حکمران صرف اقتدار کیلئے آتے ہیں، اقتدار کے بعد حکمران لندن اور یورپ کا رخ کرتے ہیں، ان کے بچے یورپ اور امریکا میں پڑھتے ہیں۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے اہلکار پاکستان کا معاشی نظام چلا رہے ہیں، وزیر اعظم کا گزارا 2 لاکھ روپے میں مشکل ہے تو غریب 15ہزار میں کیسے گزارا کریں؟
ان کا کہنا ہے کہ عمران خان ناکام ہوچکے، اُن کا کوئی ایجنڈا نہیں ہے، وہ خود ہی کہتے تھے کہ مہنگائی آئے تو سمجھ لینا حکمران چور ہے، ذخیرہ اندوز چور دائیں بائیں بیٹھے ہیں، دواؤں کی قیمتوں میں 200 فیصد اضافہ کیا گیا۔
خیال رہے کہ ملک میں مہنگائی کا جن بے قابو ہوگیا ہے اور جنوری 2020 میں مہنگائی کی شرح 14.6 فیصد رہی جو کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت میں سب سے زیادہ ہے۔