Time 23 فروری ، 2020
پاکستان

ووہان میں پاکستانی طلبہ محفوظ اور صحت مند ہیں: چینی سفارتخانہ

 ووہان میں پاکستانی طلبہ کی مشکلات کو سمجھتے ہیں،چینی سفارتخانہ،فوٹو:فائل

پاکستان میں چینی سفارت خانے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ووہان میں پاکستانی طلبہ کی وقتی مشکلات کو سمجھتے ہیں، طلبہ محفوظ اور صحت مند ہیں۔

اسلام آباد میں چینی سفارت خانے کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ  چین میں کورونا وائرس پر قابو پانے کےلیے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

بیان کے مطابق ووہان میں پاکستانی طلبہ کی وقتی مشکلات کو سمجھتے ہیں، طلبہ کو کورونا وائرس سے بچاؤ کے انتظامات کر لیے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ چینی باشندوں سمیت پاکستانی طلبہ کو وہاں رکھنے کا مقصد وباء کو مزید پھیلنے سے روکنا ہے، چینی حکومت پاکستانی طلبہ کی اپنے عوام کی طرح دیکھ بھال کر رہی ہے۔

سفارت خانے کا کہنا ہے کہ طلبہ کے والدین کو ہر قسم کی حفاظت کا یقین دلاتے ہیں، چینی حکومت نے پاکستانی سفارت خانے کے ساتھ مل کر طلبہ کی دیکھ بھال کاانتظام کرلیا ہے۔

چینی سفارت خانے کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ طلبہ کی اکثریت چین اور پاکستان کے انتظامات سے مطمئن ہے، عالمی ادارہ صحت کی ہدایت کے مطابق ان حالات میں سفر مناسب نہیں، کسی بھی قسم کی نقل و حرکت وائرس کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتی ہے۔

چین میں کورونا وائرس سے مزید 114 افراد ہلاک

خیال رہے کہ چین میں کورونا وائرس سے مزید 114 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 2 ہزار 459 تک جا پہنچی ہے جب کہ متاثرین کی مجموعی تعداد 77 ہزار ہو گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق مہلک وائرس چین کے شہر ووہان سے پھیلا ہے جہاں 500 کے قریب پاکستانی طلبہ بھی موجود ہیں جنہیں دیگر شہریوں کی طرح  قرنطینہ کے باعث ووہان سے باہر آنے کی اجازت نہیں۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا تھا کہ چین سے لوگوں کو نہ نکالنا سب کے مفاد میں ہے، اگر چین سے شہریوں کو واپس لائے تو کورونا وائرس روک نہیں سکیں گے۔

پاکستانی حکام کو ووہان شہر تک رسائی  مل گئی

دوسری جانب چین نے پاکستان کی درخواست پر دارالحکومت بیجنگ میں تعینات پاکستانی سفارت خانے کے 2 افراد کو  ووہان جانے کی اجازت دے دی ہے۔

ترجمان وزارت خارجہ کے مطابق ٹاسک فورس کے دونوں افسران کو مستقل طور پر ووہان بھیجا گیا ہے تاکہ وہ وہاں رہ کر چینی حکام سے مسلسل رابطے میں رہیں۔

مزید خبریں :