Time 23 فروری ، 2020
دنیا

ایران میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 8 ہوگئی

ایران میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 8 ہوچکی ہے  جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 43 تک جاپہنچی ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق محکمہ صحت ایران کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 15 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جن میں سے 3 افراد جان کی بازی ہارچکے ہیں۔

وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ افراد ایران کے مذہبی اہمیت کے حامل مرکزی شہر قُم میں سامنے آئے ہیں۔

وائرس کے مزید پھیلنے کے خدشات کے پیش نظر قم سمیت ایران کے 14 صوبوں میں تعلیمی اور ثقافتی مراکز کو  ایک ہفتے کے لیے بند کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

متاثرہ علاقوں کے اسکول، دفاتر اور دیگر عوامی مقامات کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ اُدھر لبنان اور اسرائیل میں بھی کورونا وائرس کے کیسز کی تصدیق ہو گئی ہے۔

ایرانی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ ایران میں کورونا وائرس چین کے ذریعے پہنچا ہے اور ہلاک ہونے والوں  میں سے ایک تاجر نے گذشتہ دنوں چین کے کئی دورے کیے تھے جس کے بعد چین کے لیے براہ راست پروازیں روک دی گئی ہیں۔

چین میں کورونا وائرس سے مزید 114 افراد ہلاک

دوسری جانب  چین میں کورونا وائرس سے مزید 114 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 2ہزار 459 تک جا پہنچی ہے جب کہ متاثرین کی مجموعی تعداد 77 ہزار ہو گئی ہے۔

پاکستان سے ایران جانے والے مسافروں کو تفتان بارڈر پر روک دیا گیا

اِدھر کورونا وائرس کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کے تحت پاکستان سے ایران جانے والے مسافروں کو تفتان سرحد پر روک دیا گیا ہے۔

بلوچستان حکومت نے ایران سے منسلک سرحدی اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ذرائع کے مطابق ایران سے بھی کسی مسافر کو پاکستان میں داخل نہیں ہونے دیا جا رہا تاہم پیدل جانے والے افراد کو ایران جانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ کئی ایرانی ٹرانسپورٹ ڈرائیورز تفتان سرحد پر پھنس گئے ہیں جنہیں اسکریننگ کے بعد روانہ کیا جائے گا۔

تحصیلدار ظہور بلوچ کا کہنا ہے کہ بارڈر پر میڈیکل کیمپ لگایا گیا ہے، اسکریننگ ٹیم پہنچ گئی ہے جو مسافروں کا طبی معائنہ کرے گی۔

مزید خبریں :