آپ کا طرز زندگی ہڈیوں کی صحت کو متاثر کرتا ہے

فوٹو: فائل

وقت گزرنے ساتھ ساتھ ہماری ہڈیاں بھی نازک ہونا شروع ہوجاتی ہیں جب کہ آسٹیوپوروسس یعنی ہڈیوں کا بُھربھرا ہوجانا ایک ایسی بیماری ہے جس میں ہڈیاں کمزور اور خراب ہونا شروع ہوجاتی ہیں، یہ بیماری ایسی ہے جو آہستہ آہستہ کر کے آپ کی ہڈیوں کو شدید نقصان پہنچاتی ہے۔

آسٹیوپوروسس کی شروعات عام طور پر 40 سال سے زائد عمر کے لوگوں میں ہونا شروع ہوتی ہے اور یہ مردوں سے 4 گنا زیادہ عورتوں میں ہوتی ہے۔

اس حوالے سے بھارت کے فرید آباد فورٹس ایسکورٹ اسپتال کے ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر ہارش گھوٹا کا کہنا ہے کہ ہمارا طرزِ زندگی ہڈیوں کی صحت اور مضبوطی پر بے حد اثر انداز ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جسمانی طور پر پھرتیلا ہونے سے انسان بے شمار بیماریوں کے خطرات سے بچ جاتا ہے، جسمانی طور پر ایکٹو رہنے سے انسان کی ہڈیاں مضبوط اور فریکچر ہونے کے خطرات سے بھی بچا جاسکتا ہے۔

ڈاکٹر نے بتایا کہ ہر وقت لیٹے رہنے یا بیٹھے رہنے سے انسان میں سُستی کی عادت ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں اور یہ عادت ہڈیوں کی صحت کو بھی متاثر کرتی ہے۔

بہت ہی کم لوگ اس بات سے واقف ہوتے ہیں کہ 30 سال کی عمر تک ہماری ہڈیوں میں کیلشیم جذب ہوتا ہے جس کے بعد وقت گزرنے کے ساتھ ہڈیاں کمزور ہونا شروع ہوجاتی ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ ہمیشہ اچھی اور صحت مند غذا کا انتخاب کیا جائے۔

ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ ہڈیوں کی مضبوطی اور صحت کے لیے ضروری ہے کہ انسان اپنی طرزِ زندگی کو بہتر رکھے جس کے لیے اچھی غذا اور ورزش سب سے اہم ہے۔

مزید خبریں :