دنیا کا معمر ترین شخص چل بسا

دنیا کے بوڑھے شخص 1907 میں پیدا ہوئے اور جب وہ مرے تو اُن کی عمر 112 سال تھی۔

معمر ترین شخص کا اعزاز حاصل کرنے والے جاپانی شہری 112 سال کی عمر میں چل بسے۔

امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق گنیز ورلڈ ریکارڈز نے جاپان کے معمر ترین شخص چیٹیسو واتانابے کو رواں ماہ 12 فروری کو دنیا کا سب سے بوڑھا شخص ہونے پر سرٹیفکیٹ دیا تھا۔

گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ اور ان کی تدفین کا بندوبست کرنے والے ادارے نے تصدیق کی ہے کہ واتانابے اب اس دنیا میں نہیں رہے البتہ ان کی موت کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔

جاپانی اخبار کی رپورٹ کے مطابق گھر والوں کا کہنا تھا کہ موت سے کچھ روز قبل واتانابے کھانے پینے کے بالکل بھی قابل نہیں رہے تھے، اس کے علاوہ اُنھیں بخار اور دو دن سے سانس لینے میں دشواری کا بھی سامنا تھا۔

اخبار کے مطابق واتانابے کے پانچ بچے، 12 پوتے پوتیاں، 16 پر پوتے جبکہ ایک پر پوتے کا بیٹا بھی ہے۔

واتانابے 1907 میں پیدا ہوئے اور 18 سال انھوں نے تائیوان میں کام کیا۔ اس کے بعد جاپان کے شہر نگاتا واپس آکر ریٹائر ہونے تک سرکاری ملازمت کی۔

اپنے ایک انٹرویو میں واتانابے نے کہا تھا کہ ان کی طویل عمری کا راز ہر وقت مسکراتے رہنے میں ہے۔