دنیا
Time 25 فروری ، 2020

کورونا کا خوف: متحدہ عرب امارات نے ایران کیلئے پروازیں معطل کردیں

کویت، بحرین اور عمان میں بھی کورونا وائرس کے 18 کیسز سامنے آچکے ہیں اور یہ تمام افراد ایران سے سفر کر کے واپس لوٹے ہیں— فوٹو: فائل

متحدہ عرب امارات نے کورونا وائرس کے پیشِ نظر ایران سے آنے اور جانے والی تمام پروازیں اور کارگو فلائٹس معطل کردیں۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اس فیصلے کا اعلان اُس وقت سامنے آیا جب متحدہ عرب امارات کے پڑوسی ممالک کویت اور بحرین میں کورونا وائرس کے 9 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور متاثر ہونے والے تمام لوگ ایران سے واپس آئے ہیں۔

ایران سے واپس آنے والے افراد میں پچھلے دو دن میں کویت، بحرین اور عمان میں کورونا وائرس کے 18 کیسز سامنے آئے ہیں۔

متحدہ عرب امارات کی جنرل سول ایویشن اتھارٹی نے اس بات کا اعلان کیا کہ ایران جانے والی اور وہاں سے آنے والی تمام تر مسافر پروازوں اور کارگو فلائٹس کو آج سے ایک ہفتے کے لیے معطل کیا جارہا ہے۔

حکام کا مزید کہنا تھا کہ یہ پابندی بڑھائی بھی جاسکتی ہے۔

علاوہ ازیں بحرین کے وزیرِ صحت کا کہنا ہے کہ ایران سے براستہ دبئی واپس آنے والے چھ افراد جن میں سے دو بحرین کے شہری ہیں جبکہ 4 خاتون سعودی عرب سے تعلق رکھتی ہیں، ان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے جس کے بعد ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد بڑھ کر 8 ہوگئی ہے۔

کویت میں بھی تین افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے جو کہ ایران سے لوٹے ہیں۔ وائرس کی تصدیق کے بعد تینوں افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے جس کے بعد کویت میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔

اس کے علاوہ عمان میں کورونا وائرس کے دو کیسز سامنے آچکے ہیں۔ دو عمانی خواتین میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جو ایران سے واپس آئی ہیں۔

ان تینوں ممالک میں شیعہ مسلم کی بڑی تعداد موجود ہے اور ان ممالک کے افراد مقدس مقامات کی زیارت کیلئے اکثر ایران کا سفر کرتے رہتے ہیں۔

ایران نے منگل کو اس بات کا اعلان کیا کہ کورونا وائرس سے مزید 3 افراد ہلاک ہوگئے ہیں  جس کے بعد وائرس سے ہلاکتوں کے تعداد 15 ہوگئی ہے۔

متحدہ عرب امارات میں پہلے ہی 13 کورونا وائرس کے کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سارے غیر ملکی افراد اور ایک ایرانی جوڑا شامل ہے جو کہ ایران سے سفر کر کے آئے تھے۔

کویت نے منگل اور بدھ کو قومی تعطیلات کی تقریبات کو منسوخ کردیا جبکہ کورونا وائرس کی وجہ سے تمام کھیلوں کے ایونٹس کو بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔

مزید خبریں :