Time 25 فروری ، 2020
کھیل

‏لاہور قلندرز پر تنقید کرنا شائقین کرکٹ کا حق ہے، محمد حفیظ

آنے والے میچز میں بہتر کھیلیں گے کیونکہ ہم متحد ہیں، بہتر پرفارمنس سے لوگوں کے دل جیتیں گے: اسٹار لاہور قلندرز— فوٹو: اسکرین گریب

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم ‏لاہور قلندرز کے محمد حفیظ نے کہا ہے کہ پرفارمنس اچھی نہیں ہو گی تو تنقید اور غصہ کرنا شائقین کرکٹ کا حق ہے۔

‏ لاہور قلندرز کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف اپنے دوسرے میچ میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد قلندرز کو ایک وکٹ سے شکست ہو ئی۔

دوسرے میچ میں شکست کے بعد شائقین کرکٹ کی جانب سے لاہور قلندرز کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا، خاص طور پر لاہور کے باسیوں نے شہر کی ٹیم کی خوب  کلاس لی اور یہ سلسلہ اب تک جاری ہے۔

محمد حفیظ نے کہا کہ ٹیم نے میچ جیتا ہو اور اس میں بلے باز کا حصہ خواہ 10 رنز بھی ہوں تو جیت اچھی لگتی ہے لیکن جب بیٹسمین نے سنچری ہی کیوں نہ بنائی ہو  اور ٹیم میچ ہار جائے تو اس کا مزہ نہیں آتا۔

ان کا کہنا تھا کہ میچ میں غلطیاں ہو ئیں، بہتر فیصلے نہیں کیے جو ہمیں کرنے چاہیے تھے، میچ میں اہم موقع ملے لیکن ان سے فائدہ نہیں اٹھایا جاسکا۔

ان کا کہنا ہے کہ میچ میں کھلاڑیوں نے عمدہ پرفارمنس  دی، امید ہے اس تسلسل کو کھلاڑی برقرار رکھیں گے اور اپنا اپنا حصہ بھی ڈالیں گے۔

محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ ہمیں خوشی ہے کہ شائقین کی ایک بڑی تعداد اسٹیڈیم آئی، انہیں اپنے اسٹارز کو دیکھنے کا موقع مل رہا ہے، میچز بھی سنسنی خیز ہو رہے ہیں۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے شائقین ملک میں کرکٹ کی کمی بہت محسوس کر رہے تھے لیکن  اب اس کی کمی پوری ہو رہی ہے اور اسی وجہ سے شائقین بڑی تعداد میں اسٹیڈیمز کا رخ کر رہے ہیں جس میں مزید اضافہ ہو گا۔

محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ لوگ لاہور قلندرز کی ٹیم سے دل سے پیار کرتے ہیں اور جب ٹیم کی کارکردگی اچھی نہیں ہو گی تو یہ ان کا حق بھی ہے کہ وہ تنقید کریں۔

انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ آنے والے میچز میں بہتر کھیلیں گے کیونکہ ہم متحد ہیں ایک یونٹ بنے ہو ئے ہیں،  بہتر پرفارمنس سے لوگوں کے دل جیتیں گے۔ 

خیال رہے کہ اسلام آباد کے خلاف محمد حفیظ نے غیر معمولی اننگز کھیلی اور 57 گیندوں پر 7 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 98 رنز بنائے تھے۔

مزید خبریں :