دنیا
Time 27 فروری ، 2020

کورونا وائرس: عمرہ زائرین کے سعودی عرب میں داخلے پر عارضی پابندی عائد

کورونا وائرس پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر سعودی عرب نے عمرہ زائرین کے داخلے پر عارضی پابندی عائد کردی۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے  کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ آنے والے افراد کو عارضی طور پر داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

سعودی وزارت خارجہ کے مطابق خلیجی ممالک کے ان شہریوں پر بھی اس کا اطلاق ہوگا جو نیشنل آئی ڈی کارڈ استعمال کرتے ہیں جب کہ وائرس پھیلنے کے خدشات کے حامل ممالک کے شہریوں کے سیاحتی ویزا پر بھی پابندی لگادی گئی ہے۔

سعودی عرب نے اپنے شہریوں کو ترکی کے غیر ضروری سفر سے بھی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

عرب نیوز کے مطابق ہر سال تقریباً 70 لاکھ افراد عمرہ ادا کرنے آتے ہیں، جن میں زیادہ تر جدہ اور مدینہ ائیرپورٹس پر اترتے  ہیں۔

پاکستانی ائیرلائنز کو بھی زائرین کو نہ لانے کی ہدایت

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہےکہ سعودی عرب نے پاکستانی عمرہ زائرین کے سعودی عرب میں داخلے پر بھی فوری پابندی عائد کردی ہے جب کہ پاکستان سے وزٹ پر آنے والوں کو بھی سعودی عرب میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ذرائع نے بتایا کہ سعودی وزارت خارجہ نے یہ ہدایت پاکستان میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعدجاری کی اور اس سلسلے میں پاکستان سے آپریٹ کرنے والی تمام ائیرلائنز کو عمرہ اور مسجد نبویؐ کی زیارت کے لیے مسافروں کو نہ لانے کی ہدایت کی  ہے۔

پی آئی اے نے عمرہ زائرین کیلئے فلائٹ آپریشن معطل کردیا

قومی ائیر لائن کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عمرہ زائرین اور سیاحتی ویزے پر سعودی عرب جانے والے افراد کے لیے فلائٹ آپریشن فوری طور پر معطل کردیا گیا ہے۔

پی آئی اے کے مطابق یہ فیصلہ سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری اعلان کے مطابق کیا گیا ہے جس کے مطابق پاکستانی عمرہ زائرین اور سیاح سعودی عرب کا سفر نہیں کرسکیں گے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس سب سے پہلے چین کے شہر ووہان سے پھیلنا شرو ع ہوا جو اب تک دنیا کے تقریباً 30 سے زائد ممالک میں پہنچ چکا ہے۔

کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے ممالک میں پاکستان، ایران، افغانستان، بحرین، مصر، کویت اور اردن بھی شامل ہیں۔

مزید خبریں :