پاکستان
Time 27 فروری ، 2020

سندھ حکومت نے کورونا وائرس پر قابو کے لیے ٹاسک فورس قائم کردی

فائل فوٹو

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ نے کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے ٹاسک فورس قائم کردی۔

وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت کورونا وائرس سے متعلق ہنگامی اجلاس ہوا جس میں چیف سیکریٹری، کمشنر کراچی، وزیر صحت، وزیر بلدیات، مرتضیٰ وہاب اور  ڈی جی رینجرز سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

سیکریٹری صحت نے وزیراعلیٰ سندھ کو وائرس کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کل مریض کے پتا چلنے کے بعد اہلخانہ کو بھی چیک کیا گیا، ٹیسٹ کے بعد 6 گھنٹوں میں وائرس کا پتا چل جاتا ہے۔

سیکریٹری صحت نے بتایا کہ اوجھا کیمپس،سول اسپتال، لیاری اسپتال، میرپورخاص سول اسپتال، گمس سکھر، پمس نواب شاہ، لمس حیدرآباد اور سی ایم سی ایچ لاڑکانہ میں آسولیٹڈ وارڈ بنائے گئے ہیں جب کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر محکمہ صحت میں ایمرجنسی سیل قائم کیا گیا ہے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا ہےکہ کورونا وائرس کے ساتھ جو 28 لوگوں کا گروپ تھا ان کو تصدیق کیا ہے،  جن 28 لوگوں نے وائرس کے مریضوں کے ساتھ سفر کیا ہے ان کے ساتھ رابطہ ہوگیا ہے، یہ تمام 28 لوگ خود بھی محکمہ صحت سے رابطے میں ہیں اور تعاون کررہے ہیں۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے وائرس کے مریضوں کے ساتھ سفرکرنے والے 28 افرادکی بھی اسکریننگ کرنے کی ہدایت دی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ  جو اشیاء اسپتالوں کے لیے چاہئیں، اس کی فوری خریداری کی جائے۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کنٹرول کرنے کے لیے ٹاسک فورس قائم کردی ہے جس میں چیف سیکریٹری، سیکریٹری صحت، کمشنر کراچی اور دیگر افسران شامل ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ ٹاسک فورس وزیراعلیٰ کی نگرانی میں کام کرے گی  اور اس کا روزانہ شام 7 بجے اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوگا۔

مزید خبریں :