Time 27 فروری ، 2020
پاکستان

’کورونا وائرس سے متاثر شہری کے ساتھ آنے والوں کی بھی شناخت ہوگئی‘

فائل فوٹو: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں وائرس سے متاثر شہری کے ساتھ آنے والے تمام افراد کی شناخت کرلی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے بتایا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ شہری 20 فروری کو ایران سے واپس آیا، یہ 28 لوگوں کا قافلہ تھا جن کی شناخت کرکے ان کے نمونے لے لیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تصدیق کے بعد مریض اور اہلخانہ کو قرنطینہ میں رکھ دیا گیا ہے، فیملی میں وائرس کی کوئی علامات نہیں لیکن پھر بھی انہیں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے، ان کے بچے جن اسکولوں میں گئے ان سے بھی رابطہ کریں گے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا تھا کہ فروری میں سندھ میں 1500 لوگ ایران سے آئے جن کی شناخت ہوگئی ہے، ان تمام لوگوں کا ڈیٹا لے لیا ہے، ان کے شناختی کارڈ نمبرز اور فون نمبرز بھی لے لیے ہیں۔

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ نجی اسپتالوں نے ہماری مدد کی جس پر ان کے شکر گزار ہیں، ہم نے دو دن کے لیے اسکول بند کیے جس کا مقصد خوف پھیلانا نہیں، اس سلسلے میں میڈیا کی مدد کی بہت ضرورت ہے تاکہ خوف نہ پھیلے اور حکومتی اقدامات سے عوام کو آگاہ کیا جائے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ کمشنر آفس میں کنٹرول روم بنادیا ہے جب کہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں روزانہ شام 7 بجے اس حوالے سے ایک میٹنگ ہوگی اور کور گروپ رپورٹ دے گا۔

’مہنگا ماسک بیچنے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی‘

مراد علی شاہ نے کہا کہ دواؤں اور ماسک کی ضرورت ہے، ہمیں پتا چلا ہے کہ ماسک مہنگے ہوگئے ہیں، پولیس اور رینجرز کو کہا ہےکہ جہاں بھی یہ چیزیں دستیاب ہیں سندھ حکومت ان کو اٹھائے گی، ڈیلرز کو مناسب قیمت دے کر ماسک خریدیں گے تاکہ کوئی مارکیٹ میں کوئی کمی نہ ہو، ماسک کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ویئر ہاؤسز سے رابطہ کریں گے، ماسک کی اصل قیمت فروخت کو یقینی بنائیں گے اور جو ماسک مہنگا بیچ رہے ہیں ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔

مزید خبریں :