27 فروری ، 2020
عمرہ زائرین کے داخلے پر عارضی پابندی کے بعد لاہور سے سعودی عرب جانے والی پرواز سے 300 عمرہ زائرین کو اتار دیا گیا۔
ائیرپورٹ حکام کے مطابق لاہور سے پی آئی اے کی مدینہ جانے والی پرواز سے 300 عمرہ زائرین کو آف لوڈ کیا گیا جس پر مسافروں نے عملے سے تکرار کی اور احتجاج بھی کیا۔
ائیرپورٹ حکام نے بتایا کہ جدہ جانے والی پرواز ایس وی 735 کی چیک ان بھی گئی اور پرواز سے 300 مسافروں کو آف لوڈ کردیا گیا۔
اس کے علاوہ پی آئی اےکی رات 10:30 بجے جانے والی پرواز کو بھی روک لیا گیا ہے۔
ائیرپورٹ حکام کے مطابق پی کے 759 کے 340 سے زائد عمرہ زائرین کو گھروں سے نہ آنے کے لیے کالز کردی گئی ہیں۔
قومی ائیر لائن کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عمرہ زائرین اور سیاحتی ویزے پر سعودی عرب جانے والے افراد کے لیے فلائٹ آپریشن فوری طور پر معطل کردیا گیا ہے۔
پی آئی اے کے مطابق یہ فیصلہ سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری اعلان کے مطابق کیا گیا ہے جس کے مطابق پاکستانی عمرہ زائرین اور سیاح سعودی عرب کا سفر نہیں کرسکیں گے۔
پی آئی اے کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں موجود پاکستانی عمرہ زائرین کی واپسی کے لیے فلائٹ آپریشن جاری رہے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کے لیے دیگر پروازوں کا سلسلہ معمول کے مطابق جاری رہے گا اور سعودی حکومت کے فیصلے کے مطابق مستقل رہائش رکھنے والے مسافر اور اجازت رکھنے والے افراد پی آئی اے کے ذریعے سفر کرسکیں گے۔