پاکستان
Time 27 فروری ، 2020

بھارتی پائلٹ’ ابھی نندن‘ کو چائے کس نے پیش کی اور کپ کہاں ہے؟

'ٹی از فینٹاسٹک' یہ ایسا جملہ ہے جسے بھارتی فضائیہ کے ساتھ ساتھ وہاں کے لوگ ہمیشہ یاد رکھیں گے لیکن اس کی وجہ یہ نہیں انہیں چائے پسند ہے بلکہ وہ سرپرائز  ہے جو کہ پاک فضائیہ نے آج سے ٹھیک اس سال قبل یعنی 27 فروری 2019 کو انہیں دیا تھا۔

بھارتی فضائیہ کا گرفتار ہونے والا پائلٹ ابھی نندن

پاک فضائیہ کے سرپرائز کے بعد پاک فوج نے تباہ ہونے والے بھارتی لڑاکا طیارے کے پائلٹ ابھی نندن کو پکڑا اور عوامی تشدد سے بچا کر اسے نہ صرف طبی امداد دی بلکہ گرما گرم چائے کا کپ بھی پلایا۔

اس چائے کے بارے میں بھارتی پائلٹ کا کہنا تھا کہ ’ٹی از فینٹاسٹک‘ اور بعد میں ان کا یہ جملہ عوام میں بھی بے حد مقبول ہوا۔

اس یادگار دن کو ایک سال مکمل ہونے پر  آج ہم اس اہلکار سے آپ کو ملواتے ہیں جس نے ابھی نندن کو وہ شاندار چائے پیش کی تھی جسے شاید ابھی نندن خود اور ساری بھارتی قوم اور فوج کبھی بُھلا نہیں سکے گی۔

سینئر صحافی اور جیو نیوز کے پروگرام 'کیپیٹل ٹاک' کے میزبان حامد میر نے ابھی نندن کو چائے پلانے والے پاک فوج کے کُک انور علی سے گفتگو کی تو ان کا کہنا تھا کہ ’جی وہ (ابھی نندن) آئے تھے اور کافی زخمی حالت میں تھے اسپتال میں ہی ہم نے ان کے لیے چائے بنائی اور اسے پیش کی۔

وہی یادگار کپ تھامے کھڑے انور سے پوچھا گیا کہ آپ نے چائے کیوں پیش کی تو انہوں نے اس پر خوبصورت جواب دیا اور کہا کہ وہ ہمارا مہمان تھا سر ہمارے ملک میں آیا ہوا تھا‘ جس پر حامد میر نے ان کے جواب کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ کم لیکن بہت اچھا بولتے ہیں۔

ساتھ ہی حامد میر نے اس یادگار کپ کو بھی ہاتھ میں پکڑ کر دکھایا جس میں ابھی نندن کو چائے پیش کی گئی تھی۔

یاد رہے کہ اس دن کو بعد میں ’سرپرائز ڈے‘ کا نام دیا گیا اور سوشل میڈیا پر بھی لوگوں نے اسے یادگار بنا دیا۔

پاکستان میں ٹوئٹر پر "HappySurpriseDayIndia’‘ کا ٹرینڈ پہلے نمبر پر موجود ہے۔

یاد رہے کہ 26 فروری علی الصبح بھارتی فوج کی جانب سے حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بالاکوٹ اورمقبوضہ کشمیر پر حملہ کیا گیا تھا۔

جس کا پاک فضائیہ نے بھر پور جواب دیتے ہوئے  مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اہم ٹارگٹس کو لاک کیا اور پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے والے دو بھارتی مگ طیاروں کو مار گرایا تھا۔ اس دوران تباہ ہونے والے ایک طیارے کا ملبہ پاکستانی حدود میں گرا جب کہ اس کے پائلٹ ابھی نندن کو بھی زندہ گرفتار کیا گیا جسے بعد میں جذبہ خیرسگالی کے تحت رہا کردیا گیا۔

مزید خبریں :