Time 27 فروری ، 2020
پاکستان

پاکستان کا امریکا بھارت دفاعی معاہدے پر تحفظات کا اظہار

بھارت کو ہتھیاروں کی فراہمی سے پورے خطے کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں،ترجمان دفتر خارجہ،فوٹو:فائل

پاکستان نے ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ بھارت کے دوران امریکا اور بھارت کے درمیان دفاعی معاہدے پر تحفظات کا اظہار کردیا۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ  میں کہا کہ پاکستان کو امریکا بھارت دفاعی ڈیل پر تحفظات ہیں، عالمی برادری کو کئی بار اپنے تحفظات سے آگاہ کر چکے ہیں۔

خیال رہے کہ نئی دہلی میں بھارتی وزیراعظم کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران ٹرمپ نے بتایا کہ بھارت امریکا سے 3 ارب ڈالر کے اپاچی ہیلی کاپٹرز سمیت دیگر دفاعی آلات خریدے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے بھارت کو ہتھیاروں کی فراہمی پر تشویش ہے، ہتھیاروں کی دوڑ سے خطے میں مزید کشیدگی بڑھے گی۔

ترجمان نے امریکی صدر کے دورہ بھارت کے دوران پاک بھارت مفاہمت کی پیشکش کو سراہتے ہوئےکہا کہ بھارت کو ہتھیاروں کی فراہمی سے پورے خطے کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

افغان امن کے حوالے سے ترجمان کا کہنا تھا کہ  پاکستان امریکا طالبان معاہدے کو سراہتا ہے، امید ہے کہ امریکا طالبان معاہدے سے افغان دھڑوں کے درمیان بات چیت کا عمل شروع ہو گا۔

کورونا وائرس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ایرانی حکام کےساتھ رابطے میں ہیں، مشہد اور زاہدان میں ایمرجنسی ہیلپ لائن قائم کر دی ہے۔

'کورونا کے باعث  پاک چین دوطرفہ تجارت پر فرق نہیں پڑیگا'

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ چینی حکام نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے ہیں، وائرس کی وجہ سے پاک چین دوطرفہ تجارت پرکوئی فرق نہیں پڑے گا، چین کے صدرکے دورہ پاکستان کے لیے تاریخوں کا تعین کیاجا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عمرہ زائرین پر پابندی سے متعلق سعودی حکومت سے رابطے میں ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومتیں ایران سے بھی رابطے میں ہیں جب کہ ہم ایران میں موجود پاکستانیوں سے بھی رابطے میں ہیں۔

مزید خبریں :