پاکستان
Time 27 فروری ، 2020

پاکستان نے ایران کے ساتھ براہ راست پروازوں پر پابندی عائد کردی

27 اور 28 فروری کی درمیانی شب 12 بجے کے بعد سے تا حکم ثانی ایران کے ساتھ تمام براہ راست پروازوں پر پابندی ہوگی، ایوی ایشن ڈویژن— فوٹو: فائل

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے احتیاطی تدبیر کے طور پر پاکستان نے ایران کے ساتھ براہ راست پروازوں پر پابندی عائد کردی۔

ایوی ایشن ڈویژن کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ایران کے ساتھ تمام براہ راست پروازوں پرپابندی عائد کردی ہے۔

ڈویژن کے مطابق 27 اور 28 فروری کی درمیانی شب 12 بجے کے بعد سے تا حکم ثانی ایران کے ساتھ تمام براہ راست پروازوں پر پابندی ہوگی۔

اس سے قبل متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک نے بھی ایران کے ساتھ فلائٹس آپریشن کو معطل کردیا ہے۔

ایران میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 106 نئے کیسز کے ساتھ 245 تک پہنچ گئی ہے جبکہ مزید 7 اموات کے ساتھ ہلاکتوں کی تعداد 26 ہوگئی ہے۔ سب سے زیادہ متاثر ایران کا شہر قم ہوا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے دو کیسز کی تصدیق کے بعد ملک بھر میں حفاظتی انتظامات مزید سخت کردیے گئے ہیں۔

ائیرپورٹس پر مسافروں کی اسکریننگ کا سلسلہ جاری ہے۔ تفتان میں پاک ایران سرحد پرامیگریشن پانچویں روزبھی بند ہے۔

ایران جانے والے زائرین کو بلوچستان میں داخل ہونے سے روکنے کا فیصلہ بھی کیا جاچکا ہے جبکہ 270 مسافروں کو پاکستان ہاؤس میں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفرمرزا نے پاک ایران سرحد کا دورہ کیا اور وفاقی سیکرٹری ہیلتھ کے ساتھ حفاظتی انتظامات کاجائزہ لیا۔

کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے چمن میں بابِ دوستی پر بھی اسکریننگ کا عمل جاری ہے۔

مزید خبریں :