دنیا
Time 28 فروری ، 2020

پوپ فرانسس کورونا وائرس متاثرین سے اظہار یکجہتی کے بعد بیمار پڑ گئے

کیتھولک عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس کورونا وائرس کے متاثرین سے اظہار  یکجہتی کے بعد بیمار پڑ گئے۔

کیتھولک عیسائیوں کے مذہبی مرکز ویٹی کن سٹی کے مطابق پوپ فرانسس معمولی بیمار ہیں اور اس کی وجہ سے جمعرات کو روم میں ہونے والے دعائیہ اجتماع میں پوپ فرانسس کی شرکت منسوخ کردی گئی ہے۔

ویٹی کن کی جانب سے پوپ فرانسس کی بیماری کی تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں۔

برطانوی میڈیا کے مطابق گذشتہ روز پوپ فرانسس نے سینٹ پیٹرز اسکوائر میں عام شہریوں سے ملاقات کی تھی اس موقع پر انہوں نے متعدد افراد سے ہاتھ ملائے اور ان کے ماتھے چومے تھے۔

رپورٹ کے مطابق پوپ سے ملاقات کے لیے ہزاروں افراد موجود تھےجن میں سے صرف چند افراد نے ماسک پہن رکھے تھے۔

اس موقع پر پوپ نے کورونا وائرس کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے طبی عملے کو خراج تحسین پیش کیا تھا۔

بعد ازاں گذشتہ روز ہی ایک تقریب میں پوپ فرانسس کو کھانستے اور چھینکتے دیکھا گیا تھا۔

خیال رہے کہ اٹلی میں کورونا وائرس کے 655 کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے 17 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور یہ تعداد یورپ میں سب سے زیادہ ہے۔

ماہرین نے احتیاطی تدابیر کے طور پر ہجوم میں جانے  اور ہاتھ ملانے سے پرہیز کرنے کا مشورہ بھی دیا ہے۔

مزید خبریں :