28 فروری ، 2020
بلوچستان میں کورونا وائرس کے پیش نظر محکمہ صحت میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
صوبائی حکومت نے ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے ماہرین سمیت تمام عملے کی چھٹیاں ، ہر قسم کی ڈیپوٹیشن اور ٹریننگ منسوخ کردی ہے۔
سیکریٹری صحت نے اپنے تمام عملے کو اپنے اپنے جائے تعیناتی پر حاضر رہنے کی ہدایت کی ہے اور غیر حاضر عملے کو ملازمت سے برخاست کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب گورنر سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیے کے مطابق کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر صوبے میں تمام سرکاری یونیورسٹیاں 15 مارچ تک بند رہیں گی ۔
اس کے علاوہ صوبائی حکومت نے اسکولوں میں یکم مارچ سے شروع ہونے والی داخلہ مہم بھی مؤخر کردی ہے۔