Time 28 فروری ، 2020
دنیا

چین میں کورونا وائرس سے مزید 44 افراد ہلاک، 36 ہزار سے زائد افراد صحتیاب

چین میں کورونا وائرس سے مزید 44 افراد ہلاک ہو گئے جب کہ اب تک وائرس سے متاثرہ 36 ہزار سے زائد افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔

چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق ووہان میں مزید 335 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ وائرس سے متاثرہ مزید 44 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔

چینی حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 درجن سے زائد افراد کی ہلاکتوں کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 2788 ہو گئی ہے جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 78 ہزار 832 تک پہنچ گئی ہے۔

نائیجیریا اور لیتھونیا میں بھی کورونا وائرس کا ایک ایک مریض سامنے آیا ہے جس کے بعد متاثرہ ممالک کی تعداد 54 ہو گئی ہے۔

شمالی آئرلینڈ میں بھی کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آ گیا ہے جب کہ برطانیہ بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 16 ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ فرانس میں متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 34 ہوگئی ہے۔

اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد 17 ہو گئی ہے جب کہ 56 افراد کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ اس کے علاوہ چین میں بھی 8 ہزار کے قریب افراد کی حالت ابتر ہے۔ ایران، ہانگ کانگ، سنگاپور، جرمنی اور جاپان میں بھی کورونا وائرس کے شدید متاثرہ افراد زیر علاج ہیں۔

پاکستان میں دو افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے تاہم دونوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

چین کے بعد کورونا وائرس کے سب سے زیادہ مریض جنوبی کوریا میں سامنے آئے ہیں جہاں متاثرین کی تعداد 2 ہزار 22 تک پہنچ گئی ہے جب کہ چین کے علاوہ وائرس سے دنیا بھر میں اموات کی تعداد 70 ہوگئی ہے۔

کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر سعودی عرب نے چین سمیت 7 ملکوں کے سیاحوں کے لیے ای ویزہ کی سہولت عارضی معطل کر دی ہے جب کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے بھی سعودی عرب کے لیے فضائی آپریشن معطل کر دیا ہے۔

مزید خبریں :