Time 28 فروری ، 2020
دنیا

چین کا دورہ کرنے والے منگولین صدر کو قرنطینہ میں رکھ دیا گیا

صدر بٹولگا کھلتما، وزیر خارجہ اور دیگر سرکاری حکام کو احتیاطی طور پر قرنطینہ میں رکھا گیا ہے: سرکاری نیوز ایجنسی۔ فوٹو: فائل

حال ہی میں چین کا دورہ کر کے وطن لوٹنے والے منگولین صدر کو 14 روز کے لیے قرنطینہ میں رکھ دیا گیا۔

منگولیا کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق چین سے وطن لوٹنے پر صدر بٹولگا کھلتما اور دیگر سرکاری حکام کو 14 روز کے لیے قرنطینہ میں ڈال دیا گیا ہے۔

چین میں گزشتہ برس کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد منگولیا کے صدر بٹولگا کھلتما چین کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی صدر ہیں۔

صدر بٹولگا کھلتما منگولیا کے وزیر خارجہ اور دیگر سرکاری حکام کے ساتھ جمعرات کے روز بیجنگ پہنچے تھے جہاں انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ملاقات اور اجلاس میں شرکت کی تھی۔

منگولیا کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق صدر بٹولگا کھلتما اور دیگر حکام کو احتیاطی طور پر قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

خیال رہے کہ چین کے صوبے ہوبئی کے شہر ووہان سے پھیلنے والے کورونا وائرس دنیا کے 54 ممالک میں پھیل چکا ہے اور اس سے اب تک 2 ہزار 800 افراد ہلاک اور 85 ہزار کے قریب متاثر ہو چکے ہیں۔

ایران کی نائب صدر برائے خواتین و خاندانی امور معصومہ ابتکار، پارلیمانی کمیٹی کے سربراہ مجتبیٰ زولنور اور نائب وزیر صحت ارج ہریرچی بھی کورونا وائرس کے متاثرین میں شامل ہیں۔

پاکستان میں بھی دو افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے تاہم سرکاری حکام کے مطابق دونوں افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

مزید خبریں :