28 فروری ، 2020
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی میں کہا ہے کہ کورونا وائرس اور حج سے متعلق جو ہدایات سعودی حکومت دے گی، اس پر عمل کرنا ہوگا۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کا اجلاس مولانا اسعد محمود کی زیرِ صدارت ہوا جس میں وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں جبری تبدیلی مذہب کا بل ایک بار پھر مؤخرکردیا گیا جبکہ حکام کی جانب سے دیگر امور پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ سعودی حکومت نے پہلی بار ویزہ فیس 300 اور انشورنس فیس 110 ریال کر دی ہے۔
قائمہ کمیٹی کو وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے کورونا وائرس اور حج سے متعلق بتایا کہ کورونا وائرس کے مسئلے پر آج وزارت مذہبی امور سعودی حکومت سے بات کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس اور حج سے متعلق جو ہدایات سعودی حکومت دے گی، اس پر عمل کرنا ہوگا۔
خیال رہے کہ سعودی عرب نے عمرہ کی ادائیگی اورمسجد نبویﷺ میں داخلے پرعارضی پابندی عائد کردی ہے اور کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک سے آنے والے سیاحوں پر پابندی لگادی ہے۔
گزشتہ روز عمرہ زائرین کے سعودی عرب میں داخلے پر عارضی پابندی کے بعد لاہور سے سعودی عرب جانے والی پرواز سے 300 عمرہ زائرین کو اتار دیا گیا تھا۔
گزشتہ دنوں پاکستان میں کورونا وائرس کے 2 کیسز سامنے آئے تھے جن میں سے ایک کراچی اور دوسرا اسلام آباد میں رپورٹ ہوا تھا جبکہ دونوں متاثرہ افراد نے ایران کا سفر کیا تھا۔
پاکستان نے بھی ایران کے ساتھ براہ راست پروازیں تاحکم ثانی معطل کردی ہیں۔