28 فروری ، 2020
ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کا اہم اجلاس 3 مارچ کو دبئی میں ہوگا جس میں ایشیا کپ 2020 کی میزبانی کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا جائے گا، پاکستان میں ایشیا کپ نہ ہونے کی صورت میں متحدہ عرب امارات مضبوط امیدوار ہے۔
ایشین کرکٹ کونسل کے اہم اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان شریک ہوں گے۔
تین مارچ کو دبئی میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کے لیے چیئرمین پی سی بی کل جبکہ وسیم خان یکم مارچ کو دبئی روانہ ہوں گے۔
اجلاس میں ایشیا کپ 2020 کی میزبانی کا فیصلہ کیا جائے گا۔ ایشیا کپ کی ستمبر میں میزبانی پاکستان نے کرنی ہے لیکن بھارت کی عدم شرکت کی بنیاد پر ایشیا کپ کے پاکستان میں ہونے کے امکانات معدوم ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 2018 میں ایشیا کپ کی میزبانی بھارت نے کرنا تھی لیکن پاکستان ٹیم کے بھارت جا کر کھیلنے میں حائل مشکلات کے باعث ایونٹ متحدہ عرب امارات میں کرایا گیا اور اب ایک بار پھر اسی تناظر میں اس برس بھی ایشیا کپ کے متحدہ عرب امارات میں ہونے کے امکانات زیادہ ہیں۔
بنگلا دیش کرکٹ بورڈ بھی میزبانی کے لیے پیشکش کر سکتا ہے۔
بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے جب اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کیا تب یہ خبریں منظر پر عام پر آئی تھیں کہ پی سی بی اور بی سی بی کے درمیان ایشیا کپ کی میزبانی پر ڈیل ہو ئی ہے اور ایسا بھی ممکن ہے کہ اس مرتبہ کی میزبانی بنگلا دیش کر لے اور اگلے باری میں پاکستان میزبان ہو لیکن پی سی بی نے اس ڈیل کی تردید کی تھی۔
ترجمان پی سی بی کا کہن اہے کہ ایشیا کپ کا میزبان پاکستان ہے ، وینیو کا فیصلہ اے سی سی بورڈ نے کرنا ہے۔
ترجمان پی سی بی نے مزید کہا کہ اے سی سی اجلاس کے ایجنڈے میں ایشیا کپ کے حوالے سے اپ ڈیٹ شامل ہے، اے سی سی بورڈ میٹنگ صورت حال کا جائزہ لے کر جو فیصلہ کرے گی سب کو قابل قبول ہوگا، فی الحال ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو کرنی ہے یہ طے ہے۔