Time 28 فروری ، 2020
کھیل

بھارت نے ایشیا کپ کے پاکستان میں انعقاد کی مخالفت کردی

بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے صدر سارو گنگولی نے ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ اجلاس سے قبل ہی پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے ایشیا کپ کی مخالفت کردی۔

ایڈن گارڈن کولکتہ میں دبئی روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو میں ساروو گنگولی نے کہا کہ ایشیا کپ 2020 پاکستان میں نہیں ہوگا بلکہ متحدہ عرب امارات کا شہر دبئی ٹورنامنٹ کی میزبان کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے ایشیا کپ ٹورنامنٹ میں کھیلنے کی راہ ہموار اسی وقت ہوگی جب میزبانی دبئی کرے گا۔

خیال رہے کہ رواں سال ستمبر میں ایشیا کپ شیڈول ہے جس کی میزبانی پاکستان نے کرنی ہے تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے مسلسل پاکستان میں نہ کھیلنے کے بہانے بنائے جارہے ہیں۔

دوسری جانب ‏ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کا اہم اجلاس 3 مارچ کو دبئی میں ہوگا جس میں ایشیا کپ 2020 کی میزبانی کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا جائے گا۔

پاکستان میں ایشیا کپ نہ ہونے کی صورت میں متحدہ عرب امارات مضبوط امیدوار ہے۔

مزید خبریں :