علی ظفر کو علی عظمت کے ڈانس اسٹیپس کا انتظار

پاکستان سپر لیگ 5 کے نئے گانے کے لیے جہاں راک اسٹار علی ظفر کو مداحوں کی جانب سے  ڈانس اسٹیپس کی بے شمار ویڈیوز موصول ہورہی ہیں تو وہیں علی ظفر کو اگر کسی کے ڈانس اسٹیپس کا انتظار ہے تو وہ علی عظمت ہیں۔

علی عظمت نے حال ہی میں جیو نیوز کے پروگرام ’جشنِ کرکٹ‘ میں اپنے انٹرویو کے دوران کہا تھا ’کہ ہر بندہ اپنا نیا گانا بنانا چاہتا ہے، اگر پی ایس ایل کا اپنا گانا نہ بھی آئے تو وہ اپنا گانا لانا چاہتا ہے، تو علی ظفر اپنا گانا کیوں نہ بنائیں‘۔

پی ایس ایل 5 کے آفیشل گانے میں اپنی آواز کا جادو جگانے والے گلوکار علی عظمت نے کہا تھا کہ ’میں تو چاہتا ہوں کہ علی ظفر اپنا گانا بنائے بلکہ انہوں نے جو سب کو ڈانس اسٹیپس کرنے کو کہا ہے تو میں بھی انہیں اپنے ڈانس اسٹیپس کر کے بھیجوں گا تاکہ وہ اپنی ویڈیو میں میرا ڈانس بھی ڈالے اور انشاءاللہ اس کا گانا بھی ہٹ ہوگا‘۔

بعد ازاں علی ظفر کی جانب سے ٹوئٹر پر علی عظمت کے اس انٹرویو کا ویڈیو کلپ شیئر کیا گیا جس کے کیپشن میں علی ظفر نے لکھا کہ ’یہ بات! بھائی ویڈیو کا انتظار کر رہا ہے سر، اتوار تک ویڈیو ریلیز کرنے کی کوشش ہے، آپ کا شوٹ رہ گیا ہے‘۔

واضح رہے کہ راک اسٹار علی ظفر نے حال ہی میں ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ’بھائی تین چار دن سے سویا نہیں ہے، ابھی بھی نہیں سوں گا جب تک آپ کے لیے یہ تیار نہ ہوجائے، کوشش یہ پوری ہے کہ اتوار کی شام تک یہ آپ کی خدمت میں یہ ویڈیو پیش کی جائے‘۔

مزید خبریں :